دورہ ویسٹ انڈیز: مصباح الحق کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) دورہ ویسٹ انڈیز میں مصباح الحق کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق شاہد آفریدی بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ ڈیو واٹمور کوچ اور نوید اکرم چیمہ منیجر برقرار رہیں گے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق کامران اکمل، عمران فرحت اور شعیب ملک ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے۔ یونس خان کا نام بھی زیرِغور ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی حالیہ چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے قومی کپتان مصباح الحق کی سپورٹ شروع کر دی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے موجودہ کپتان مصباح الحق کو ورلڈکپ 2015ءتک برقرار رکھنا چاہئے۔ مصباح الحق کو کپتانی سے ہٹانا سراسر غلط ہوگا کیونکہ ا±ن کی جگہ لائے جانے والے کپتان کے بارے میں ابھی کچھ پتہ نہیں۔ کسی ایسے کھلاڑی کو کپتان بنانا حماقت ہوگی جنہیں ابھی اپنی مہارت اور اہلیت منوانی ہے۔ رمیز راجہ نے مزید کہا کہ مصباح الحق جس انداز میں رنزکر رہا ہے، فیلڈ میں چست دکھائی دیتا ہے، شاندار کیچز لے رہا ہے، ٹیم کی بالکل درست انداز میں قیادت کر رہا ہے۔ اس لئے بہتر یہی ہوگا کہ سلیکٹرز ا±سے ورلڈکپ 2015ء تک کپتان برقرار رکھیں۔