بلوچستان میں اغوا ہونے والی 2چیک خواتین کی رہائی کیلئے عافیہ کو چھوڑنے کا مطالبہ
کوئٹہ /پراگ (آئی این پی+بیورورپورٹ ) بلوچستان سے اغوا ہونے والے دو چیک خواتین کی رہائی کے بدلے اغوا کاروں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقہ کی رہائی کا مطالبہ کردیا ۔بدھ کو نجی ٹی وی کے مطابق چیک رپبلک کی ایک ویب سائٹ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مارچ میں اغوا ہونے والی دو غیر ملکی خواتین 25سالہ پانا ہمپالیہ ا اور 24سالہ انتھونی کرسٹیکا، چیک رپبلک کی حکومت ، امریکہ اور انٹرنیشنل کمیونٹی سے امریکہ میں قید پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقہ کو رہا کیا جائے۔ چیک رپبلک کی دو خواتین کو رواں برس چودہ مارچ کو ایران سے کوئٹہ آتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے نوکنڈی کے مقام پر اغوا کر لیا تھا۔رائٹرز کے مطابق وڈیو میں ایک مغوی خاتون کو یہ کہتے دکھایا گیا ہے کہ انکی صحت بالکل ٹھیک ہے لیکن ان کی زندگی خطرے میں ہے پانا ہمپالیہ نے اپنے ملک کے صدر اور یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ انکی رہائی کیلئے کوشش کریں جبکہ چیک رپبلک کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وڈیو پیغام دیکھا ہے اور وہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے علاوہ ازیں بلوچستان سے اغواءہونے والی چیکو سلواکیہ کی مغوی خواتین 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود بازیاب نہ ہوسکیں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے خواتین کی بازیابی کو یقینی بنانے کی ہدایات کردیں اور متعلقہ انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ چیک خواتین کی بازیابی کو یقینی بنانے کےلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں سرکاری اعلامیہ کے مطابق چیک خواتین کی بازیابی کےلئے کوششیں تیز کرتے ہوئے سرحدی علاقوں کی جانب خصوصی ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں ۔