بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے جاری‘ سڑکیں بلاک‘ گرمی سے مزید 10 افراد دم توڑ گئے
لاہور/ ملتان/ بہاولپور (نمائندگان/ ایجنسیاں) پنجاب میں بجلی بحران روز بروز شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، شارٹ فال 5500میگاواٹ تک جا پہنچا‘ شدید گرمی اور حبس میں 13 سے 20 گھنٹوں کی طویل بجلی بندش نے شہریوں کی زندگیاں عذاب بنا دی ہیں‘ شدید گرمی میں گھٹن اور لو لگنے سے پنجاب سمیت ملک بھر میں 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ کئی بیہوش ہو گئے۔ شدید گرمی میں 14 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا‘ لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگوں نے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے اور ٹائر جلاکر سڑکیں بلاک کر دیں۔ لوڈشیڈنگ کے باعث ہسپتالوں میں آپریشن ملتوی کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے پانچ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق اس وقت ملک میں مجموعی شارٹ فال ساڑھے پانچ ہزار سے تجاوز کرگیا ہے۔ صوبے کے تمام شہروں میں 15 سے 17 گھنٹے کی بجلی بندش سے شہری سخت گرمی میں بلبلا اٹھے ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے کی بجلی بندش نے لوگوں کی زندگیاں اجیرن کر رکھی ہیں۔ لاہور میں 13 سے 15 گھنٹے کی بجلی بندش نے شہریوں کو بے حال کر رکھا ہے،آگ برساتی گرمی اور حبس میں کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔ گرمی کے باعث لو لگنے اور گٹھن سے ساہیوال میں 65سالہ بوڑھی خاتون دم توڑ گئی ‘ لاہور میں30 سالہ نوجوان میو ہسپتال میں دم توڑ گیا‘ جبکہ جیکب آباد اور مظفر گڑھ میں بھی شمیم اور نصیر سومرو نامی شخص گرمی کے باعث دم توڑ گئے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ بدترین20 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے خلاف لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور مین دیپالپور ملتان روڈ کو چکبیدی گرڈ سٹیشن کر قریب بلاک کرکے مظاہرین نے کئی گھنٹے ٹریفک جام کرکے واپڈا اور حکومت کے خلاف شدید نعر بازی کی۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد نے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا اور روڈ کو بلاک کر دیا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہری علاقوں میں مسلسل 7تا 9گھنٹے بجلی کی فراہمی بند کرکے صنعتی اداروں کو بجلی فراہم کئے جانے کے خلاف سینکڑوں شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ محلہ بھکھی روڈ، احمد پورہ اور سول کوارٹر روڈ سمیت پانچ مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ سینکڑوں شہریوں نے محلہ احمد پورہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پتوکی سے نامہ نگار کے مطابق پتوکی کے وکلا اور تاجروں نے بھی شدید احتجاج کیا۔ پتوکی کی بار نے 2روزہ احتجاج کا اعلان کر دیا۔ پتوکی بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف وکلا نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دو روزہ ہڑتال کا اعلان کیا جبکہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دیا گیا۔ جلالپور بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق 23گھنٹے کی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تمام کاروباری زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے جبکہ گرمی سے درجنوں افراد بے ہوش ہو گئے۔