توانائی کے متبادل ذرائع ہر قیمت پر استعمال کریں گے : وزیراعظم ۔۔۔ سرمایہ لگائیں گے : غیر ملکی کنسورشیم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی/ اے پی اے) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں متبادل توانائی کے بے پناہ وسائل ہیں جو توانائی کے بحران سے نکالنے کی کنجی ہے۔ متبادل توانائی کے ذرائع کے استعمال کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے یہ بات شمسی توانائی کے وسائل کے حوالے سے دی جانے والی پریذینٹیشن میں کہی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملکی اور غیرملکی کمپنیوں کے کنسورشیم نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر اظہار اعتماد کیا ہے اور کہا کہ وہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالسی کی وجہ سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کی جانب مائل ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایسے سرمایہ کاروں کو جو متبادل توانائی کے شعبے میں ٹیکنالوجی اور سرمایہ لائیں گے ان کو سہولت دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ پاکستان کے پاس شمسی اور ہوا سے توانائی کے حصول کے مواقع ہیں جبکہ کوئلے کے ذخائر ہیں جن سے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، بریفنگ میں وفاقی وزیر پانی و بجلی بھی موجود تھے۔ دریں اثناءوزیراعظم نوازشریف آج انرجی پالیسی پر ایک اجلاس کی صدارت کرینگے جس میں انکو نئی انرجی پالیسی کے ابتدائی خاکے پر بریفنگ دی جائے گی‘ مجوزہ توانائی پالیسی پر وزیراعظم کو بریفنگ کے بعد 29 جون کو ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں صوبوں کو بھی اس پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ مجوزہ پالیسی میں آئندہ 3سال میں بجلی کی پیداوار 26 ہزار 800 میگاواٹ بڑھانے کا ہدف مقرر کرکے تین سالوں میں مرحلہ وار ہائیڈل ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر زیادہ انحصار کرکے بجلی کی اوسط پیداواری قیمت 14 روپے 67 پیسے سے کم کرکے 10 روپے فی یونٹ اور لوڈشیڈنگ صفر تک لائی جائے گی۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق مجوزہ توانائی پالیسی پر وزیراعظم کو بریفنگ کے بعد 29 جون کو ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں صوبوں کو بھی اس پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیراعظم نے نئی انرجی پالیسی کا ڈرافٹ پندرہ روز میں تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس کا باقاعدہ اعلان آئندہ ماہ کے اوائل میں وزیراعظم کے قوم سے خطاب میں متوقع ہے۔ وازرت پانی و بجلی کے مطابق حکومت نے ملک میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے نئی انرجی پالیسی تیار کرلی ہے جس کے تحت آئندہ 3 سال کیلئے بجلی کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔آئی این پی کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ذریعے ٹیکنالوجی منتقل کرنے والی کمپنیوں اور فرموں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔