• news

پابندی کے باوجود پی سی بی نے 2 نئی گاڑیاں خریدنے کا آرڈر دیدیا

لاہور (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حکومت کی طرف سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کے احکامات کو پس پشت ڈالتے ہوئے12.5ملین کی دونئی لگثرری گاڑیاں خریدنے کا آرڈر دے دیا۔ پی سی بی کے ذرائع نے بتایا کہ گاڑیوں کی خرید کا آرڈر دیدیا گیا ہے اور ان کی ڈیلیوری جلد ہی متوقع ہے۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے استعمال کے لئے 7.5 ملین روپے کی جیپ اور ڈی جی جاوید میانداد کے لئے پانچ ملین کی جیپ کی خریداری کی جارہی ہے۔ مذکورہ جدید ترین گاڑیوں کی خریداری کا معاملہ حکومتی پالیسی کی واضح خلاف ورزی اور قائم مقام چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے فنانشنل ایڈوائزر کو پی سی بی کے بجٹ میں اخراجات میں کمی کے دیے گئے احکامات کی بھی نفی ہے ۔ پی سی بی کے چند ایمپلائز نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ گاڑیوں کی خرید کی کوئی ضرورت نہیں ہے اس سے مالی طور پر مسئلہ کے شکار پی سی بی کے بجٹ پر مزید بوجھ پڑ جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کے باجود ان کی خریدار ی سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی سی بی کے حکام کو حکومت کے احکامات کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قائم مقام چیئرمین پی سی بی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ معاملہ کا نوٹس لیں اور ان کاروں کی خریداری جو کہ پی سی بی کے بجٹ پر اضافی بوجھ ہوگا کو روک دے ۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی کے فلیٹ میں پہلے ہی کئی جدید ماڈلز کی کاریں ہیں جو کہ کسی آفیشلز کے استعمال میں نہیں ہیں اور ان کو مذکورہ پی سی بی آفیشلز جن کے لئے نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیںکے استعمال میں دیا جا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن