نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں : رانا مجاہد
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) 32 ویں نیشنل گیمز کا آغاز کل سے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ہو رہا ہے اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کےلئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ لیجنڈ کھلاڑیوں جاوید میانداد، قاسم ضیائ، جان شیر خان، قمر زمان سمیت دیگر اولمپین کھلاڑی نیشنل گیمز کی مشعل اٹھائیں گے۔ گیمز میں29 مردوں اور خواتین کی 11گیمز شامل ہیں جبکہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر رنگا رنگ ثقافتی تقریب منعقد کی جائے گی ۔32ویں نیشنل گیمز کے آرگنائزنگ سیکرٹری اولمپیئن رانا مجاہد نے بتایا کہ اسلام آباد میں طویل عرصے کے بعد میگا ایونٹ منعقد ہونے جا رہا ہے اور نیشنل گیمز کے یادگار انعقاد کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لیں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گیمز کی افتتاحی تقریب کل پانچ بجے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہو گی جبکہ نیشنل گیمز کی مشعل کا آغاز فیصل مسجد اسلام آباد سے ہو گااور کرکٹ لیجنڈ و قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد مشعل کو لیکر دوڑیں گے۔