”ناکافی سہولیات، مسافروں سے ناروا سلوک کے باعث پی آئی اے انحطاط کا شکار ہے“
لاہور (کامرس رپورٹر) پیاف نے کہا ہے کہ نااہل سٹاف، مسافروں کے ساتھ ناروا رویہ، ناکافی سہولتیں اور اوقات میں عدم پابندی قومی ائر لائن پی آئی اے کے انحطاط و زوال کا باعث بنی ہیں۔ ناقص کارکردگی اور انٹرنیشنل روٹوں پر مسافروں کی عدم توجہ کے باعث قومی ائرلائن کے 42 میں سے صرف 21 جہاز اپریشنل رہ گئے ہیں اور ادارے کی زندگی کا انحصار زیادہ تر حکومتی خزانے سے امداد پر رہتا ہے- متعدد ملکوں کے کاروباری دورہ سے واپسی پر پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے بتایا ہے کہ حب الوطنی کے جذبہ کے تحت انٹرنیشنل روٹ پر قومی فضائی کمپنی کے ذریعے سفر کو ترجیح دی جاتی ہے لیکن ہر بار تلخ تجربہ سے گزرنا پڑتا ہے۔ پی آئی اے میں سہولتوں اور خدمات کا معیار کافی گر چکا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کسی وقت پی آئی اے میں ملازمت اور سفر کے لحاظ سے قابل رشک فضائی کمپنی تھی لیکن اب صورت حال یکسر بدل چکی ہے۔ تربیت یافتہ اور ماہر افراد دوسری فضائی کمپنیوں کا رخ کر چکے ہیں جبکہ پی آئی اے اب انٹرنیشنل روٹوں پر مسافروں کی توجہ کا مرکز نہیں رہی۔