• news

نندی پور پراجیکٹ میں رکاوٹیں ڈال کر سنگین جرم کا ارتکاب کیا گیا : شہبازشریف

لاہور( خصوصی رپورٹر)وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ سابق دور حکومت میں نندی پور پاور پراجیکٹ میں رکاوٹیں ڈال کر مجرمانہ غفلت اور سنگین جرم کا ارتکاب کیا گیا۔ حکومت پنجاب عوام کو لوڈ شیڈنگ کی مشکلات سے جلد از جلد نجات دلانا چاہتی ہے۔ وفاقی وزارت پانی و بجلی نندی پور پاور پراجیکٹ پرکام کرنے والی چینی کمپنی کے ساتھ بیٹھ کر منصوبے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرے اور چوبیس گھنٹے کے اندر معاملے کے حل کے لئے قابل عمل تجاویز و سفارشات تیار کرے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کی عدم تکمیل سے پاکستان بالخصوص پنجاب اور اس کے عوام کو ہی نقصان ہوا ہے۔ بلدیاتی نظام کے حوالے سے اجلاس میں شہباز شریف نے کہا ہے پنجاب حکومت صوبے میں جلد بلدیاتی انتخابات کراناچاہتی ہے پارٹی میں مشاورت جاری ہے۔ نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں جس سے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنایا جائے گی۔ مسودہ قانون کی سفارشات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ وفاقی اور صوبائی وزرا سے ملاقات میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2014ءتک صوبے میں لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا پروگرام مکمل کر لیا جائےگا جس سے عوام کو فرد ملکیت اور انتقال اراضی کے کاغذات کے حصول میں پٹواری اور تحصیلدار کے کلچر سے نجات ملے گی، تقریریں کرنے کا وقت گزرچکا ہے، اب صرف کام، کام اور کام کاوقت ہے، یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ 60ارب ڈالر کے بیرونی قرضے میں جکڑی ہوئی پاکستانی قوم کے کچھ بااثر لوگ ماہانہ اربوں روپے کی بجلی‘ قدرتی گیس اور فرنس آئل چوری کرنے میں ملوث ہیں،حکومت بجلی اور گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے گی، ترک کمپنی کے چیئرمین احمد جالسکان سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کا بحران ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس سے زراعت، تعلیم، صحت، صنعت سمیت سماجی و معاشی ترقی کے تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ شہباز شریف ایڈیشنل سیکرٹری پرائم منسٹر آفس فواد حسن فواد کے گھر جاکر ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی۔ شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے وکیل شیخ اصغر اور مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پنجاب کے صدر میاں غلام حسین شاہد کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں آشیانہ سکیم کی تعمیر میں تاخیر اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر ہاﺅسنگ اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔شہباز شریف نے کراچی سے تعلق رکھنے والی کینسر کی مریضہ شیروز شفقت کے حوالے سے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے مریضہ کا کراچی میں مفت علاج کرانے کا اعلان کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن