• news

بینظیر بھٹو کی 60 ویں سالگرہ کی تقریب

زندہ قومیں اپنے ہیروز کونہیں بھولتی،ان کے کارناموں کی وجہ سے یاد رکھاجاتا ہے۔ قومی ہیروز دوسروں کے لئے مشعل راہ ہوتے ہیں جن کی تقلید سے ملک و قوم کی تقدیر سنورتی ہے۔بے نظیر بھٹو بھی انہیں ہیروز میں سے ایک تھیں جنہیں آج بھی زمانہ یاد کرتا ہے جبکہ پی پی پی کے چاہنے والوں کے دلوں میں وہ ہمیشہ رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار پی پی پی متحدہ عرب امارات کے صدر میاں منیر ہانس‘ جدہ سعودی عرب پی پی پی کے میڈیا کوآرڈینیٹر دل شاد مانی اور ملک اسلم نے دوران تقریر کیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر دبئی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جن کا اہتمام میاں منیر ہانس نے کیا۔ تقریب ہذا میں پی پی پی جدہ سعودی عرب کے میڈیا کوآرڈینیٹر دل شادمانی نثار خٹک‘ ارشاد نظامی پرنس اقبال‘ مظفر باجوہ‘ علی باجوہ‘ محمد یوسف بٹ‘ ملک اسلم‘ سجاد حسین‘ فرحان نقشبندی اور پی پی پی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔بے نظیر بھٹو کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا جبکہ اجتماعی طور پر ان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اس موقع پر پی پی پی کے میاں منیر ہانس‘ دلشاد جانی اور ملک اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو ایک قابل اور ذہین خاتون تھیں ان کی خدمات کے نہ صرف ہم پاکستانی بلکہ دیگر اقوام کے لوگ بھی معترف ہیں۔ محترمہ ایک ذہین اور منجھی ہوئی سیاستدان تھیں جنہوں نے اقوام عالم میں پاکستان کا نام بلند کیااور پاکستانی کا سافٹ امیج بلند کیا۔ان کے دور حکومت میں پاکستان نے مختلف شعبہ جات میں ترقی کی اور ملک معاشی طور پر مضبوط ہوا۔وہ پاکستان سے بے حد مخلص تھیں ہر وقت پاکستان اور غریب عوام کی بہتری کے لئے سوچا کرتی اور عملاً بہتری کے کام میں مصروف رہتیں ۔ بے نظیر بھٹو حالات کی چکی میں پس کر اب صحیح معنوں میں بالغ النظر سیاستدان ہو چکی تھیں لیکن زندگی نے وفا نہ کی ۔ ہر سال 21 جون کوانکی سالگرہ منائی جاتی ہے۔ ہم ان کی یاد میں سالگرہ مناتے رہیں گے ۔ لیڈران نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا مشن عوام کی خدمت تھا جسے انہوں نے جاری رکھا ہم بھی ہمیشہ جاری رکھیں گے۔ بھٹو خاندان اور پی پی پی کا اصل مشن پاکستان کے عوام کی خدمت ہے۔انکاہر ورکر پکا جیالا ہے یہی وجہ ہے کہ لاکھ سختیوں کے باوجود ان کا ورکر اپنی جگہ پر قائم رہتا ہے اور پارٹی کے ساتھ وفا کرنا اپنا ایمان سمجھتا ہے۔پی پی پی امارات کے قائدین نے کہا کہ مرکز اور اعلیٰ قیادت نے قربانیاں دے کر پارٹی کو پروان چڑھایا ہے۔ہر دور میں سختیاں برداشت کی ہےں اور تمام تر مخالفتوں کے باوجود زندہ ہے اور پھل پھول رہی ہے۔بے نظیر بھٹو کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر امارات کے صدر میاں منیر ہانس نے ورکرز کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں‘ عوام کی خدمت کو اپنا مشن بنائیں۔تقریب کے آخر میں بے نظیر بھٹو کی روح کو ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی اور پارٹی کے شہیدوں کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

چوہدری ظفر اقبال کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت

پاکستان مسلم لیگ نے بنایا تھا اور مسلم لیگ ہی اس کی حفاظت کرے گی۔ حالیہ انتخابات میں جس طرح عوام الناس نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کو جس طرح بھاری مینڈیٹ سے کامیاب کرایا ہے اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستانی عوام مسلم لیگ ن پر اعتماد کرتے ہیں،اسے ہی پاکستان کی مخلص جماعت سمجھتے ہیں۔ ن لیگ نے پہلے بھی دو مرتبہ عوام کی خدمت کی انشاءاللہ اب بھی کرے گی جبکہ محمد نوازشریف کی سربراہی میں پاکستان ہر طرح سے محفوظ اور مضبوط ملک بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے زیراہتمام ہونے والی ایک تقریب میں کیا گیا۔اہتمام متحدہ عرب امارات کے صدر چودھری محمد الطاف، گلف ریجن کے صدر چودھری نورالحسن تنویر اور چودھری محمد شفیع نے کیا۔ تقریب میں مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے رہنماﺅں شیخ محمد عارف، چودھری عبدالغفار، چودھری خالد بشیر، اوردیگرکارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب ہذا میں پاکستان پیپلزپارٹی شارجہ کے سابقہ رہنما چودھری ظفراقبال کی پاکستان مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا گیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر چودھری ظفراقبال نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے کچھ نظریاتی اختلافات کی وجہ سے انہوں نے خیرباد کہا ہے جبکہ انہوں نے محمد نوازشریف کی قیادت اور مسلم لیگ ن کو دل سے قبول کیا ہے۔ درمیان کا کچھ عرصہ انہوں نے پی پی پی کے ساتھ گزارا ہے جبکہ ”قرض اتارو ملک سنوارو“ کی سکیم میں ایک لاکھ ڈالر بطور عطیہ دینے والے پاکستانی ہیں۔ مسلم لیگ ن ہر لحاظ سے مکمل اور جامع سیاسی جماعت ہے جبکہ محمد نوازشریف صحیح معنوں میں منجھے ہوئے عظیم سیاستدان ہیں جو پاکستان کے ساتھ واقعی مخلص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہی ہر لحاظ سے ملکی دفاع مضبوط کرسکتی ہے اور ملک میں معاشی انقلاب لاسکتی ہے۔ چودھری ظفراقبال نے کہا کہ وہ اپنے بے شمار ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شامل ہو چکے ہیں اور دامے درمے سخنے مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں اور محمد نوازشریف کو اپنا لیڈر مانتے ہیں۔ یاد رہے کہ چودھری ظفراقبال پاکستان پیپلزپارٹی متحدہ عرب امارات کے انتہائی متحرک اور فعال کارکن رہے ہیں جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے انتہائی قابل اعتماد ساتھی ہونے کا بھی اعزاز ان کو حاصل ہے۔ چودھری ظفراقبال کے ساتھ ساتھ چودھری آفتاب اقبال نے بھی اس موقع پر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی ہے۔تقریب سے چودھری نورالحسن تنویر، چودھری خالد بشیر، چودھری محمد شفیع، چودھری محمد صدیق، امین اللہ، غلام مصطفی مغل اور شیخ محمد عارف نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ صبح کا بھولا اگر شام کو واپس آجائے تو اسے بھولا نہیں کہتے لہٰذا ہم مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم پر چودھری ظفراقبال کو خوش آمدید کہتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے اصلی گھر واپس آگئے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ محمد نوازشریف کے وزیراعظم بننے سے ملک میں ترقی اور معاشی انقلاب کی لہر آچکی ہے۔ ملک و قوم کی بہتری، عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لئے ہنگامی اور جنگی بنیادوں پر کام شروع ہو چکا ہے جس کے ثمرات بہت جلد ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے تاہم سب کو چاہئے کہ وہ اپنے اپنے حصے کا فرض ادا کریں۔ 

ای پیپر-دی نیشن