• news

ہالہ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ‘ پاکستان پٹرولیم اور برطانوی کمپنی میں 2 معاہدے

کراچی + اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + این این آئی + آئی این پی) پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے ہالہ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لئے۔ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے ذخائر سے 14 ملین مکعب فٹ گیس اور 125 بیرل تیل یومیہ حاصل ہو گا۔ دریں اثناءبرطانوی کمپنی اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے دو معاہدوں پر دستخط کر دئیے جبکہ برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون کر رہا ہے۔ پاکستانی کمپنی پی پی ایل اور برطانوی کمپنی اورین کے درمیان دو معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ ایک معاہدے کے تحت برطانوی کمپنی سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کرنے میں مدد دے گی جبکہ دوسرا معاہدہ بجلی کی پیداوار سے متعلق کیا گیا ہے، اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے کہا کہ ہم پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق اورین 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی ، کندھ کوٹ میں 25 سے 50 میگا واٹ تک پاور پلانٹ لگایا جائے گا۔ مکران ساحل کے ساتھ سمندر سے تیل و گیس کی تلاش کے لئے مشترکہ سٹڈی بھی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن