قصور: ماں سے ملنے کی ضد پر کمسن بیٹیوں کو زہر دیدیا، ایک جاں بحق
قصور (نامہ نگار) الٰہ آباد کے نواحی گاﺅں پھلیریاں میں گھر سے نکالی ہوئی ماں سے ملنے کی ضد کرنے پر سنگدل باپ نے دو کمسن بیٹیوں کو زہر دے دیا جس سے ایک بیٹی ہلاک جبکہ دوسری کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ بشرٰی بی بی دختر رحمت علی نے مقدمہ درج کروایا کہ اس کی شادی سات آٹھ سال قبل اللٰہ دتہ سے ہوئی۔اس دوران ان کے ہاں دو بیٹیاں سات سالہ آمنہ اور پانچ سالہ مریم پیدا ہوئیں۔ پانچ ماہ قبل دونوں میاں بیوی کا آپس میں جھگڑا ہوا جس پر اللٰہ دتہ نے اپنی بیوی بشرٰی بی بی کو گھر سے نکال دیا اور دونوں بیٹیاں اپنے پاس رکھ لیں۔ اس دوران اس کی دونوں کمسن بیٹیاں اکثر اوقات اپنی ماں سے ملنے کی ضد کرتی تھیں۔گزشتہ روز بھی دونوں نے ماں سے ملنے کی ضد کی جس پر غصے میں آ کر بدبخت باپ نے ان دونوں کو زہر دے دیا جس سے سات سالہ آمنہ ہلاک جبکہ پانچ سالہ مریم کو تشویشنال حالت میں جناح ہسپتال لاہور داخل کروا دیا گیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔