لوڈشیڈنگ جاری،چھانگا مانگا میں مظاہرہ،گرمی سے مزید ایک شخص ہلاک
لاہور(نمائندگان) لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور کئی شہروں اور دیہات میں 16سے20گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی، کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چھانگا مانگا میں لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر جلنے پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کردی جبکہ گرمی کے باعث ایک اور شخص دم توڑ گیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق جنرل پوسٹ آفس کی پنشن برانچ میں محمد عارف اپنی ڈیوٹی دے رہا تھا کہ اس دوران رش اور شدید گرمی کے باعث اسے دل کا دورہ پڑا، اسے فوری طورپر ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ جوہرآباد میں 18سے 20گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی جس سے شہری بے حال ہوگئے ،بھیرہ میں بھی 18گھنٹے تک بجلی بند رہی سرگودھا ،شاہ پور صدرمیں بھی بد ترین لوڈشیڈنگ پر لوگ بلبلا اٹھے۔ چھانگا مانگا سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث پرانا رحمان پورہ کے شہریوں نے بھرپور احتجاج کیا اور ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں گاڑیوں میں مسافروں کو ذہنی کوفت بچے پانی کو بلکتے رہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18جبکہ دیہات میں 20گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے 20,25منٹ بجلی آنے کے بعد مسلسل 4,4گھنٹے کی بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبارِ زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی ہے جمعہ کے روز بھی بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث مساجد میں نمازیوں کو وضو کے لیے بھی پانی میسر نہ تھا ،شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا فی الفور نوٹس لیں ۔کوٹ ادو سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ ادو پاور ہاﺅس کی پیداوار نصف رہ گئی آدھی ٹربائنیں بند ہوگئی۔کیپکو کی صرف 5ٹربائنیں7,6,2,1چلائی جارہی ہیں اور ان کے کمبائنڈ سائیکل کی ٹربائنیں 11,10اور 12 کی نصف ٹربائن چل رہی ہے اس طرح آدھی ٹربائنیں 15,14,13,10,9,5,4,3 بند پڑی ہیں اس طرح1620میگا واٹ کا پاور ہاﺅس اس وقت صرف750میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔