سپریم کورٹ میں وزیراعلیٰ سندھ اور اویس ٹپی کو نا اہل قرار دینے کیلئے درخواست دائر
اسلا م آباد(آئی این پی)سپریم کورٹ میں صدر آصف علی زرداری کے سوتیلے بھائی اویس مظفر ٹپی کا نام اینٹی کرپشن کی عدالت میں زیر سماعت مقدمات سے واپس لینے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی نااہلی کیلئے جمعہ کو درخواست دائر کر دی گئی ۔ درخواست گزار محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں انہوں نے چیف سیکرٹری سندھ ‘ چیف الیکشن کمشنر ‘ وزیراعلیٰ سندھ ‘ صوبائی الیکشن کمیشن ‘ چیئرمین اینٹی کرپشن ‘ وفاقی سیکرٹری داخلہ ‘ ڈائریکٹر لینڈ کراچی ‘ رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ اور اویس مظفر ٹپی کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ رکن سندھ اسمبلی اویس مظفر ٹپی کا نام اینٹی کرپشن کی عدالت میں زیر سماعت مقدمہ سے واپس لینے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو نااہل قرار دیا جائے اور اویس مظفر ٹپی کو گرفتار کیا جائے۔ درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ اویس مظفر ٹپی کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دے کر فوجداری مقدمہ میں سے ان کا نکالنے کو کالعدم قرار دے کر ان کے صوبائی اسمبلی کے اجلاس اور سرکاری اجلاسوں میں شرکت پر پابندی عائد کی جائے۔