خسرہ سے مزید 9 بچے دم توڑ گئے، پنجاب میں متاثرہ بچوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی
لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب کے مختلف علاقوں میں خسرہ سے مزید 9 بچے دم توڑ گئے۔ پنجاب میں خسرہ سے متاثرہ بچوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں خسرہ سے متاثرہ مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خسرہ سے متاثرہ 159 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ لاہور میں 30 مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی کل تعداد 20120 ہو گئی ہے جبکہ پنجاب بھر میں ہلاکتوں کی کل تعداد 180 ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق خسرہ سے متاثرہ 9 سالہ بچی انتقال کر گئی۔ ذرائع کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیصل آباد میں خسرہ سے متاثرہ 9 سالہ بچی انتقال کر گئی ہے جس کے بعد فیصل آباد میں خسرہ سے متاثر ہو کر انتقال کر جانے والے بچوںکی تعداد 48 ہو گئی ہے۔ ادھر خسرہ کی بیماری سے ایک اور چار سالہ بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ بتایا ہے کہ چک نمبر 104جنوبی کے رہائشی مبارک علی کا چار سالہ بیٹا اسماعیل جو خسرہ کے باعث شدید بیمار تھا گذشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملا۔ ملتان سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق ملتان کے سرکاری ہسپتالوں میں اب تک رپورٹ ہونے والے مریضوں کی تعداد 702 ہے جن میں سے 385 مریض ضلع ملتان جبکہ 317 جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع سے ہیں۔ ان مریضوں میں سے خسرہ کے مرض میں مبتلا 7 بچے اب تک جاںبحق ہو چکے ہیں جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں خسرہ کے مریضوں کی آمد اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں خسرہ کے مرض میں مبتلا مریضوں کے جاںبحق ہونے سے محکمہ صحت ملتان کے حکام بھی لاعلم ہیں اور حکومت پنجاب کو سب اچھا کی رپورٹ دی جا رہی ہے۔ ملتان کے سرکاری ہسپتالوں میں جاںبحق ہونے والے 7 بچوں میں سے محکمہ صحت ملتان حکام نے 6 بچوں کے جاںبحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے ان کے ریکارڈ میں تعداد 6 ہے جن میں سے 3 بچے ضلع ملتان کے جاںبحق ہوئے ہیں جبکہ 3 جاںبحق ہونے والے بچے جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع سے ملتان کے سرکاری ہسپتالوں میں داخل تھے۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت کی جانب سے خسرہ کے خلاف دس روزہ مہم جاری ہے جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے خسرہ کے خلاف مہم میں 6 مزید اضلاع کو شامل کر لیا گیا ہے اور اس میں 40 لاکھ مزید بچوں کو ویکسینیٹ کیا جائے گا جبکہ کمپین کے چوتھے روز 15 لاکھ 63 ہزار 8 سو 48 بچوں کی ویکسینیشن کا حدف مقرر کیا گیا تھا جس میں سے 15 لاکھ 24 ہزار 7 سو 20 بچو ں کی ویکسینشین کی گئی جو مقررہ حدف کا 97 فیصد ہے جبکہ ابھی تک کل مقرر کئے جانے والے حدف 62 لاکھ 70 ہزار 3 سو 13 بچوں میں سے اب تک 59 لاکھ 48 ہزار 82 بچوں کو ویکسینیشن کی جا چکی ہے جو کہ مقررہ اہداف کا 95 فیصد ہے ۔