• news

سنی اتحاد کونسل نے دہشت گردی سے اظہار نفرت کیلئے یوم امن منایا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تازہ واقعات سے اظہار نفرت کے لیے ملک گیر ”یومِ امن“ منایا گیا اور اہلسنّت کی تمام مساجد میں قتل ناحق کے خلاف اور انسانی جان کی حرمت کے حق میں خطباتِ دیئے گئے ۔ جمعہ کے اجتماعات میں دہشت گردی کے خلاف اور امن کے حق میں قراردادیں بھی منظور کی گئیں اور قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قتل ناحق بدترین گناہ اور ناقابل معافی جرم ہے۔ پاکستان میں امن قائم کرنے والا ہی حقیقی لیڈر ہو گا۔ دہشت گرد مسلسل ریاست کی رِٹ کو چیلنج کر رہے ہیں۔ حکومت دہشت گردوں کے خلاف اعلانِ جنگ کرے۔ حاجی محمد حنیف طیب نے میمن مسجد کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سوات طرز کا آپریشن کیا جائے ۔پیر محمد اطہر القادری نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد مذمت سے نہیں مرمت سے ختم ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن