عوامی نمائندے مون سون کیلئے فول پروف انتظامات کریں: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ورکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی نمائندے اور شہری اداروں کے افسران بھرپور تعاون اور ذمہ داری سے آمدہ مون سون سیزن میں شہریوں کیلئے حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں۔ شہر میں تمام ڈرینز کی ڈی سلٹلنگ کا عمل مکمل کرلیا جائے۔ مون سون کی تیاریوں کے سلسلے میں واسا، ایل ڈی اے، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسر دفتروں سے نکل کر فیلڈ میںآجائیں۔ حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مون سون کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ شہریوں کو بارشوں کے موسم میں مشکلات اور مسائل سے بچانے کے لئے عوامی نمائندوں اور سرکاری محکموں میں بھرپور تال میل اور اشتراک کار ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی ڈی سی او آفس اور واسا میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔ شہر میں 25 مقامات جہاں پر پانی بہت زیادہ جمع ہوتا ہے، پر بارشی پانی کے مکمل نکاس تک متعلقہ عملہ موجود رہے گا۔ جبکہ لیسکو نے بارش کے دوران بارشی پانی کے ڈسپوزل سٹیشنز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ایس ایم ایس سسٹم کے ذریعے بارش کے دنوں میں تمام متعلقہ افسران اورارکان اسمبلی بروقت اطلاعات حاصل کریں گے۔ ڈی واٹرنگ پمپس کی خرابی موقع پر دور کرنے کے لئے موبائل سکواڈ دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا ٹریفک وارڈنز بھی مون سون میں مختلف شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے کی اطلاعات فراہم کریں گے۔ شہر میں 32 کمپلینٹ سنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوسی سے لے کر ٹاﺅنز کی سطح تک بارشوں کے سیزن میں شہریوں کی حفاظت کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔