پاکستان میں 25 ملین بچے سکول جانے سے محروم ہیں: سپارک
اسلام آباد(ثناءنیوز) پاکستان میں تقریباً 25 ملین بچے سکول جانے سے محروم ہیں، 43 فیصد بچے غذا کی کمی کا شکار جبکہ 21 فیصد بچے غذا کی شدید کمی کا شکار ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے انکی نشوونما بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ پاکستان میں بچوں کے حقوق کے حوالے سے کام کرنیوالی ایک غیرسرکاری تنظیم سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چلڈرن (سپارک) نے پاکستان میں بچوں کی صورتحال کے حوالے سے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی حکومت بچوں کے حوالے سے میلینیم ڈویلپمنٹ گولز کے نام پرعالمی برادری کے ساتھ کئے گئے اپنے ترقیاتی وعدے پورے کرنے میں بھی ناکام ہو گئی۔ سکول نہ جانیوالے بچوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چار لاکھ 23 ہزار بچے اپنی پانچویں سالگرہ سے پہلے ہی اس دنیا سے کوچ کر جاتے ہیں۔ دنیا میں اب تک منظرعام پر آنے والے پولیو کے تمام کیسز کے تیس فیصد بچے پاکستان میں ہیں۔ اسی طرح یہاں بچوں میں نمونیہ، ٹی بی، خسرے اور ملیریا کی بیماریوں کی شرح بھی کافی زیادہ ہے۔