• news

آبادی میں مسلسل اضافہ گھمبیر صورت اختیار کر سکتا ہے: ذکیہ شاہنواز

آبادی میں مسلسل اضافہ گھمبیر صورت اختیار کر سکتا ہے: ذکیہ شاہنواز

لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیر بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کو تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہ بات آج یہاں انہوں نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر قذافی سٹیڈیم میں بہبود آبادی کے عالمی دن کے سلسلہ میں فیملی ہیلتھ میلے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ ایک روزہ میلہ میں محکمہ بہبود آبادی پنجاب، محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب، فیملی ویلفیئر ایسوسی ایشن، شرکت گاہ، عورت فاﺅنڈیشن اورگرین سٹار سوشل مارکیٹنگ کے سٹال لگائے۔ بیگم ذکیہ شاہنواز نے بتایا کہ بہبود آبادی کے عالمی دن کے حوالے سے محکمہ نے ڈسٹرکٹ وتحصیل کی سطح پر مختلف آگاہی پروگراموں کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی آئندہ چند سالوں میں گھمبیر صورتحال اختیار کر لے گی اگر آبادی میں اضافے کا تناسب برقرار رہا تو آئندہ چند سالوں میں انسانی بنیادی ضرورتیں پوری کرنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافہ ان ممالک میں ہورہا ہے جو پہلے ہی غربت پسماندہ ترقی پذیر اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ یہاں بے روزگاری، رہائشی سہولتوں میں کمی، تعلیمی سہولتوں کا فقدان، غیر متوازن غذا،صحت کی سہولیات میں کمی، شہروں کی طرف نقل مکانی، لاقانونیت اور بدامنی روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔ بدقسمتی سے بڑھتی ہوئی آبادی والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔ بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کو دوران حمل اور زچہ وبچہ کی دیکھ بھال کے حوالے سے خواتین کو مکمل آگاہی فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تولیدی صحت پروگرام کے تحت کمیونٹی کے افراد کو معلومات فراہم کی جارہی ہے جن سے تولیدی صحت ،جنسی تولید ی صحت اور حقوق سے آگاہی حاصل کر سکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن