• news

پٹرول 2‘ ڈیزل 2.16‘ مٹی کا تیل 2.50 روپے لٹر مہنگا ۔۔۔ سی این جی کی قیمت میں 1.85 روپے کلو اضافہ

 اسلام آباد(خبرنگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ صارفین کو منتقل کرنے سے روک دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پٹرول کی قیمت میں دو روپے 66 پیسے کی بجائے دو روپے اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ پٹرول پر حکومت 66پیسے فی لٹر سبسڈی دے گی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل پر ایک روپیہ 50 پیسے فی لٹر سبسڈی دی جائے گی اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر تین روپے 66پیسے اضافے کی بجائے دو روپے 16پیسے اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 101.77 روپے لٹر ہو گئی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق قبل ازیں وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہونے پر مٹی کا تیل 2 روپے 50 پیسے لٹر مہنگا ہو گیا۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 96 روپے 29 پیسے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل بھی 3 روپے 4 پیسے مہنگا ہونے پر اس کی فی لٹر نئی قیمت 92 روپے 17 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ خبر نگار خصوصی کے مطابق وزارت پٹرولیم نے سی این جی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ اضافے کی منظوری سی این جی پر 9فیصد اضافی جی ایس ٹی کے باعث دی گئی ہے وزارت پٹرولیم کے حکام نے بتایا کہ ریجن ون میں سی این جی 2روپے 54 پیسے فی کلو مہنگی کردی گئی ہے۔ ریجن ون میں سی این جی کی نئی قیمت 75 روپے 48پیسے مقرر کی گئی ہے ریجن ون میں پوٹھوہار، کے پی کے، بلوچستان شامل ہیں اس کے علاوہ ریجن میں سی این جی ایک روپے85پیسے فی کلو مہنگی کردی گئی ہے ریجن 2میں سی این جی کی نئی قیمت 66روپے 75پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے ریجن 2 میں پنجاب اور سندھ شامل ہے اضافے کا اطلاق گزشتہ رات 12بجے سے ہوگیا۔ اوگرا نے سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نیوز رپورٹر کے مطابق موبائل کارڈ ری چارج پر نئے ٹیکس کے اطلاق سے صارفین کو 100کے کارڈ پر 24.99 روپے حکومت کو ادا کرنا ہونگے اور عوام کو 75.01روپے ملیں گے۔ این این آئی کے مطابق عوام نے ٹیکس میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے موبائل فون بند رکھ کر حکومت کو احتجاج نوٹ کرانے کی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ ثناءنیوز کے مطابق وفاقی مالیاتی ایکٹ 2013 کا نفاذ آج ہو جائے گا۔ صدر مملکت نے فنانس بل کی منظوری دیدی ہے۔ جس سے 35 کھرب 91 ارب روپے کے وفاقی بجٹ کی توثیق ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن