• news
  • image
  • text

کراچی : ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ کا برطانوی قونصلیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ

کراچی (نوائے وقت نیوز) کراچی میں ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ نے برطانوی قونصلیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان اور سینیٹرز شامل تھے۔ شرکاءنے الطاف حسین کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ وفد نے مظاہرے کے بعد برطانوی ڈپٹی ہائی کمشن آفس میں یادداشت بھی جمع کرائی۔ متحدہ کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یادداشت میں ہم نے برطانوی حکومت کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے اور بتایا ہے کہ الطاف حسین کروڑوں لوگوں کے محبوب قائد ہیں، میٹرو پولیٹن پولیس کے اقدامات سے لوگوں کو پراپیگنڈا کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اور متحدہ کا میڈیا ٹرائل قبول نہیں کرینگے۔ ہم قانونی جنگ برطانوی سرزمین پر لڑیں گے۔ عمران فاروق کے قاتلوں کی گرفتاری کی ہم سے زیادہ جلدی اور کس کو ہو سکتی ہے۔ ادھر برطانوی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کراچی میں برطانوی قونصلیٹ کے باہر ہونیوالے مظاہرے سے آگاہ ہیں، قونصلیٹ کے باہر مظاہرہ تشویشناک ہے اسکی تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ برطانوی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ قونصلیٹ کی حفاظت کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن پولیس ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔ میٹرو پولیٹن پولیس مکمل آزاد ادارہ ہے، حکومت پولیس کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی۔ کراچی میں برطانوی قونصلیٹ کے اطراف میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ رینجرز اور پولیس کے اضافی دستے تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق برطانوی ہائی کمشن آفس کے اطراف میں راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ 

epaper
کراچی: متحدہ کا وفد فاروق ستار کی قیادت میں برٹش قونصلیٹ یادداشت جمع کرانے آرہا ہے دوسری طرف کارکن الطاف حسین کا ٹیلیفونک خطاب سن رہے ہیں

ای پیپر-دی نیشن