وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے عوام کیلئے قابل تحسین اقدامات کئے: کیمرون
لاہور(خبر نگار) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کے دوران پنجاب حکومت کی گزشتہ پانچ سالہ ترقیاتی حکمت عملی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پانچ سالہ دور میں اپنے صوبے کے عوام کے لئے قابل تحسین اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب اپنی اس ترقیاتی حکمت عملی اور گڈگورننس کے باعث نہ صرف پاکستان کے دیگر صوبوں بلکہ ترقی پذیر ممالک کے لئے ماڈل صوبہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے آئندہ پانچ برس کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے مقرر کئے گئے ترقیاتی اہداف کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب حکومت کی کارکردگی کو باعث اعزاز سمجھتی ہے ہمیں وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی کارکردگی پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف بجلی بحران کے خاتمے کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔