• news
  • image
  • text

شہبازشریف سے ملاقات‘ سرمایہ کار پنجاب میں توانائی منصوبے لگانے پر آمادہ

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے نشاط گروپ کے چیئرمین میاں محمد منشاءکی قیادت میں ملک کے معروف صنعتکاروں، سرماےہ کاروں اور تاجروں کے وفد نے ایوان وزیراعلی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران توانائی کے بحران کے خاتمے اور توانائی کے منصوبوں میں سرماےہ کاری کے حوالے سے متعدد تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں نجی شعبہ نے سولر ،بائیو ماس اوربائیو گیس کے مختلف منصوبے لگانے پر آمادگی کااظہار کیا جبکہ پنجاب حکومت سرماےہ کاری کے حوالے سے ہر قسم کی سہولیات فراہم کرے گی۔ توانائی کے شعبہ میں سرماےہ کاری کے لئے مشترکہ انرجی فنڈکے قیام کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا توانائی کے بحران نے زندگی کے تمام شعبوں کو بری طرح متاثرکیا ہے۔ صنعتوں کے بند ہونے سے بے روز گاری اور غربت میں اضافہ ہوا۔ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ کو بھی اپنا بھر پورکردار ادا کرنا ہے۔ نجی شعبہ توانائی کے منصوبوں میں سرماےہ کاری کرے، حکومت ہر ممکن تعاون اور سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوںنے کہا بجلی کی کمی کے مسئلے کو دور کرنے کے لئے صنعتکار وں، تاجروں اور سرماےہ کاروں کی معاونت درکار ہے۔ نجی شعبہ کی جانب سے توانائی کے منصوبوں میں سرماےہ کاری کی پیشکش خوش آئند ہے اور اس حوالے سے ان کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ انہوںنے کہا بجلی اور گیس کی چوری کا خاتمہ کئے بغیر گردشی قرضے کا مستقل خاتمہ ممکن نہیں۔ ایل این جی کی درآمد کےلئے بھی کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا 2010ءمیں ایل این جی کی درآمد کے منصوبے پر عملدرآمد ہو جاتا توملک میں گیس کی کمی نہ ہوتی لےکن ےہ منصوبہ بھی سابق حکمرانوں کی لالچ اور کرپشن کی نذرہوگیا۔ پنجاب حکومت کوئلے، بائیو ماس، بائیوگیس اور دیگر متبادل سستے ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ نشاط گروپ کے چیئرمین میاں منشاءنے کہا ہم توانائی کے شعبہ میں سرماےہ کاری کے لئے تیار ہیں تاہم حکومت اس سلسلے میں تمام سہولیات فراہم کرے اور کوئلے کی ٹرانسپورٹیشن کے لئے ریلوے حکام سے معاملات طے کرائے۔ ہم نے بائیو ماس سے توانائی کے منصوبوں میں سرماےہ کاری کی حکمت عملی طے کرلی ہے۔ مزید براں سرگودھا ڈویژن کے منتخب نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا ملک کی 65سال کی تاریخ میں پہلی بار عوام نے مسلم لیگ (ن) کو پاکستان بلخصوص پنجاب میں تاریخی مینڈیٹ دیا ہے۔ ایسا مثالی مینڈیٹ صدیوں بعد ہی کسی سیاسی جماعت کو ملتا ہے۔ عوام کی جانب سے دیئے گئے مینڈیٹ کا تقاضاہے کہ عوام کی ایسی خدمت کی جائے جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا بجلی کے بحران نے عوام کی زندگی اجیرن کررکھی ہے۔ سابق حکمرانوں نے گزشتہ پانچ برس کے دوران توانائی کے مسئلے پر قابو پانے پر کوئی توجہ نہ دی۔ پوری قوم آگ میں جھلستی رہی لیکن سابق حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ وہ عوام سے ہمدردی کرتے ہوئے بجلی کی قلت پرقابو پانے کے لئے سنجیدگی سے کام کرتے تو آج عوام لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا نہ ہوتی۔ انہوںنے کہا مسلم لیگ (ن) نے عوام سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیاہے اور ہم انشاءاللہ عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے ضرور چھٹکارا دلائیں گے۔ کرپشن اور کرپٹ افسران کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا عوام نے ہمیں جو تاریخی مینڈیٹ دیاہے اس کی لاج رکھتے ہوئے عوام کی دن رات خدمت کریں گے اور کرپشن کے خاتمے ، قانون کی حکمرانی اور گڈگورننس کے ذریعے پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ پبلک سروس کمشن کے ذریعے ایک ہزار سب انسپکٹرز شفاف طریقے سے میرٹ پر بھرتی کئے جائیں گے۔ شہبازشریف سے ماڈل ٹاﺅن میں بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا پاکستان اور بھارت کے تعلقات بقائے باہمی میں مضمر ہیں اور دونوں ملکوںکو اپنے تمام تنازعات قابل عمل اور جامع مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہیں۔ جنگوں نے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ہمیں ماضی بھول کرمستقبل کی طرف دیکھنا ہے۔ انہوںنے کہا وقت آگیا ہے دونوں ملک معاشی میدان میں جنگیں لڑیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے اسلام آباد میں چین کے سفیر سن ویڈونگ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، توانائی بحران اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا توانائی بحران کے حل کیلئے چین کے تعاون کے خواہشمند ہیں۔ چینی سفیر سن ویڈونگ نے کہا چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے چین پاکستان کی ہرممکن مدد کیلئے تیار ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور توانائی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کرنے کے لئے مختلف ذرائع سے توانائی کے حصول کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلیکسی رینیوایبل انرجی کمپنی کے صدر ایڈورڈ بنگھم ایس ایم ٹی، کیپیٹل ہانگ کانگ کے چیئرمین جیان جنگ ہانگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم ہاﺅس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ 

epaper
وزیراعلیٰ شہباز شریف سے میاں محمد منشاءکی قیادت میں ملک کے معروف صنعتکاروں کا نمائندہ وفد ملاقات کررہا ہے

ای پیپر-دی نیشن