• news
  • image

سبسڈی صرف غریب کا حق ہے‘ سابق حکمرانوں نے بجلی نہیں پانچ برس صرف کمشن پیدا کیا : شہباز شریف

سبسڈی صرف غریب کا حق ہے‘ سابق حکمرانوں نے بجلی نہیں پانچ برس صرف کمشن پیدا کیا : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ عوام نے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو اپنے مسائل کے حل کا مینڈیٹ دیا ہے۔ عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ معیشت کو درست کرنے کے لئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ بجلی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے گزشتہ پانچ برس کے دوران بجلی نہیں صرف کمیشن پیدا کیا۔پوری قوم لوڈشیڈنگ کے باعث آگ میں جھلستی رہی اور ملک اندھیروں میں ڈوبا رہا لیکن سابق حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ بجلی کا گردشی قرضہ 500ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے، 60دنوں میں اس گردشی قرضے کے خاتمے کا وعدہ بھی پورا کریں گے۔ غریب کو بجلی پر سبسڈی دینا تو جائز ہے لیکن امیر کا اس پر کوئی حق نہیں۔ ستم ظریفی ہے کہ بجلی پر دی جانے والی سبسڈی سے امیر اور غریب دونوں مستفید ہورہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے نجی شعبے کے اشتراک سے سولر، بائیوماس، بائیوگیس اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار کی منصوبہ بندی کی ہے۔ پنجاب حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے توانائی کی 5سالہ پالیسی مرتب کررہی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے مجوزہ دورہ چین سے بھی پاکستان کے معاشی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ بجلی چوروں کو قومی مفادات کی قیمت پر عیاشی نہیں کرنے دیں گے۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر برآمدات کے حوالے سے انتہائی اہم شعبہ ہے بلاشبہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو فروغ دے کر ملکی برآمدات میں اضافہ کر کے معیشت کومضبوط کیا جاسکتا ہے۔ پنجاب میں گارمنٹس انڈسٹری کی برآمدات میں اضافے کا بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر اعجاز نبی کی سربراہی میں کورگروپ تشکیل دےتے ہوئے کہاکہ ےہ گروپ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک ماہ میں گارمنٹس کی برآمدات کے فروغ کے حوالے سے ٹھوس سفارشات پیش کرے گا۔ دریں اثناءشہباز شریف سے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ممتاز علی بھٹو نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور سندھ میں پارٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے سرکاری دفاتر میں بجلی کی بچت کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کی خلاف ورزی کی خبر کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شوہر کے تشدد سے بینائی سے محروم ہونے والی مکہ کالونی لاہور کی رہائشی خاتون کی اپیل پر اس کے مفت علاج کی ہدایت کی ہے۔
شہباز شریف

epaper

ای پیپر-دی نیشن