کنٹریکٹ والوں سے معذرت کر لی جائے....بدعنوان افسر ہٹا کر ایمانداروں کو لایا جائے : وزیراعظم کی ہدایت
کنٹریکٹ والوں سے معذرت کر لی جائے....بدعنوان افسر ہٹا کر ایمانداروں کو لایا جائے : وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + ثناءنیوز) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں کرپٹ اور غیر شفاف طور طریقوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، انہوں نے وفاقی وزرا اور سیکرٹریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں بدعنوان افسروں کو فارغ کر کے اہم عہدوں پر ایماندار اور بے داغ افسروں کو تعینات کریں۔ ایسے افسروں کو بھی ہٹا دیا جائے جو عوام سے غیر دوستانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ تفصےلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے کابینہ کے ارکان اور وفاقی سیکرٹریوں کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ عوام نے انتخابات میں ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے پاس اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا آپشن موجود نہیں۔ موجودہ نظام حکومت میں کرپشن اور غیر شفافیت کی کوئی گنجائش نہیں، نظام کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنا ان کی حکومت کے ایجنڈے میں سب سے اہم ترجیح ہے کیونکہ کرپشن، اقربا پروری اور نااہلی کے خاتمے کے بغیر گورننس میں بہتری نہیں لائی جا سکتی۔ وزیراعظم نے وزرا اور وفاقی سیکرٹریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جانچ پڑتال کر کے کرپشن اور غیر مناسب رویہ رکھنے والے ملازمین کو برطرف جب کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے بدعنوان افسران کے معاہدے منسوخ کر دیں اور ملازمین کو پیشہ وارانہ فرائض بخوبی سرانجام دینے کی ہدایت کریں۔ خط میں وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ بدعنوانی اور غیر شفافیت کی کوئی گنجائش نہیں، وزارتیں شفافیت اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں، کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، خط میں مزید ہدایات دی گئی ہیں کہ بدعنوان اور نااہل افسر بہتر گورننس نہیں دے سکتے، بہتر کارکردگی کیلئے ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ وفاقی سیکرٹریوں کو لکھے گئے خط میں حکم دیا گیا ہے کہ بدعنوان افسروں کے معاہدے منسوخ کر دئیے جائیں اور انتظامی عہدوں پر اہل اور اچھی شہریت کے حامل افسر تعینات کئے جائیں۔ بدعنوانی اور غیر شفافیت کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ان کی حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس لئے ہم عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بدعنوانی عوام کو سہولیتں فراہم کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وزارتیں شفافیت اور قانون کے احترام کو یقینی بنائیں اور بہتر کارکردگی کیلئے ہدایات پر عمل کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو ہدایت کی ہے کہ وزارتوں ماتحت ڈویژنوں کے افسران و دیگر ملازمین کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ عوام اور سائلین سے خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔ شہریوں کے ساتھ بیوروکریٹس و سرکاری سٹاف کا غیر مناسب یا تضحیک آمیز رویہ اور سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مصیبت زدہ عوام کی شنوائی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے وزرا سے کہا ہے کہ عوام کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش نہ آنے والے ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔ اہلیت اور دیانتداری کی بنیاد پر ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائے کسی صورت میں شفافیت پر سمجھوتہ نہ کیا جائے کرپشن اور بدانتظامی آخری حد تک ناقابل برداشت ہونی چاہئے۔ کنٹریکٹ افسروں سے معذرت کر لی جائے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی طرف سے وفاقی وزرا کو طرز حکمرانی میں شفافیت کیلئے نئی ہدایات جاری کر دیں ہیں وزارتوں اور ڈویژنوں میں کنٹریکٹ پر تعینات افسران سے معذرت کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم ہدایت