سانحہ نانگا پربت کا ایک اور ملزم گرفتار، باقی مجرموں کو پکڑنے کیلئے کارروائی جاری ہے: وزیر سیاحت گلگت بلتستان
دیامر، اسلام آباد (ثناءنیوز) سانحہ دیامر میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس طرح گرفتار کئے جانیوالے ملزمان کی تعداد تین ہو گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار کئے گئے ملزم کا نام عمر ہے جو چلاس کے نواحی علاقے شاہین کوٹ کا رہائشی ہے۔ اس سے پہلے گذشتہ رات سعید اللہ نامی شخص کو پولیس نے شک کی بنیاد پر گرفتار کیا تھا۔ ملزمان سے تھانہ سٹی چلاس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تین افراد کی گرفتاری مقدمے میں اہم پیشرفت ہے جس سے مزید ملزمان تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔ گلگت بلتستان کی وزیر سیاحت سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ سانحہ نانگا پربت کے تمام ملزمان کی شناخت ہوگئی، علاقے میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے تلاش کی کارروائی جاری ہے تاکہ باقی مجرموں کو پکڑا جائے۔ سیاحوں کی حفاظت کے انتظامات میں اضافہ کردیا گیا ہے اور یہ بات باعث اطمینان ہے کہ غیر ملکی سیاح معمول کے مطابق علاقے میں آرہے ہیں۔ وزیر سیاحت نے کہا کہ دیامر نانگا پربت فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزموں کی شناخت ہوگئی اور کچھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے ریڈیو پاکستان سے ایک انٹرویو میں کہا کہ علاقے میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے تلاش کی کارروائی جاری ہے تاکہ باقی مجرموں کوپکڑا جائے۔