عدالتی احکامات کی تعمیل ہر شہری کی ذمہ داری ہے: ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ عدالتی احکامات کی تعمیل ہر شہری کی آئینی ذمہ داری ہے۔ کسی کی یہ جرا¿ت نہیں کہ وہ عدالتی حکم امتناعی کے باوجود ملازمین کی تنخواہ ادا نہ کرے۔ اگر کوئی ادارہ یا افسر ایسا کرتا ہے تو عدالت اس کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔ عدالت نے یہ ریمارکس نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے برطرف ملازمین کو عدالتی احکامات کے باوجود تنخواہ ادا نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے میں دیئے۔ عدالت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی 4 ایم کے جنرل منیجر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کل3جولائی کو عدالت میں طلب کر لیا ہے۔ مسٹر جسٹس محمد خالد محمود خان نے سماعت کا آغاز کیا تو درخواست گزاروں محمد آصف اور شہزاد وغیرہ نے موقف اختیارکیا کہ حکم امتناعی کے باوجود محکمہ کی طرف سے درخواست گذاروں کو تین ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی جارہی۔ فاضل عدالت نے ہائی وے اتھارٹی کے وکیل سے استفسار کیا کہ متاثرہ ملازمین کو تنخواہیں کیوں ادا نہیں کی جارہیں جس پروکیل نے بتایاکہ تنخواہیں ادا کرنے کے لئے ان کے پاس رقم موجودنہیں ہے۔ فاضل عدالت نے محکمانہ موقف پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے قرار دیاکہ جب تک فیصلہ نہیں ہوتا ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جائیں۔