• news

آئی ایم ایف سے معاملات طے‘ کئی سیکٹرز میں ٹیکس چھوٹ ختم کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نئے 5.4بلین ڈالر کے بیل آﺅٹ پیکیج پر اتفاق ہو گیا آج بدھ کو مذاکرات کا حتمی راﺅنڈ ہو گا جس میں بیل آﺅٹ پیکیج کی مختلف جزئیات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ واضح رہے کہ پیر کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ رہے تھے تاہم منگل کو انتہائی خفیہ انداز میں مذاکرات کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔ کئی گھنٹے کی بات چیت کے بعد اختلافات دور کر لئے گئے اور 5.4بلین ڈالر کے بیل آﺅٹ پیکیج پر اصولی اتفاق رائے کر لیا گیا۔ پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ ایف بی آر ریونیو کو بڑھانے کے لئے مالی سال کے دوران انتظامی اقدامات کئے جائیں گے جبکہ آئندہ 6ماہ کے دوران مختلف سیکٹروں کو حاصل ٹیکس چھوٹ کو ختم کر دیا جائے گا۔ آئی ایم ایف نے اس سے اتفاق کیا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم نے آئی ایم ایف سے نئے ٹیکس نہ لگانے کی بات منوا لی تاہم چھوٹ ختم ہونے سے بہت سے سیکٹرز نارمل ٹیکس رجیم میں آ جائیں گے۔ اجلاس میں بجلی کے سیکٹرز میں جاری سبسڈیز سوا تین سال کے اندر ختم کرنے پر بھی اتفاق رائے کر لیا گیا تاہم 300یونٹ تک رعایتی ٹیرف برقرار رہے گا۔ آئی ایم ایف کی ٹیم آج مذاکرات مکمل کرکے واپس چلی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن