خیبر پی کے اسمبلی ‘غیراخلاقی پروگراموں کیخلاف اور نماز کیلئے گاڑیاں روکنے کی قراردادیں
پشاور (بی بی سی ڈاٹ کام+ آئی این پی) خیبر پی کے اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کی ہے جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایک نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کو نماز کے اوقات میں گاڑی روکنے کا پابند بنائے۔ یہ قرارداد جمعیت علمائے اسلام کی رکن عظمیٰ خان نے ایوان میں پیش کی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پارلیمانی لیڈر مولانا لطف الرحمن نے بتایا وفاقی حکومت سے یہ مطالبہ اسلئے کیا گیا ہے کیونکہ یہ گاڑیاں پاکستان بھر میں چلتی ہیں۔ آئی این پی کے مطابق خیبر پی کے اسمبلی نے ٹی وی چینلز پر دکھائے جانیوالے غیر اخلاقی پروگراموں پر اس پابندی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرارداد گزشتہ روز اسمبلی میں اپوزیشن کی خاتون رکن اسمبلی عظمیٰ خان نے ایوان میں پیش کی اور صوبائی وزیر قانون نے قرارداد کی مخالفت نہیں کی۔