آئندہ میچز میں کھلاڑیوں کو مزید محنت کرنا ہو گی: سابق اولمپیئنز
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق اولمپیئنز نے پاکستان ہاکی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہاکی ورلڈ لیگ میں کامیابی کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے میچز میں کھلاڑیوں کو مزید محنت کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ سابق اولمپیئن محمد اخلاق کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پول بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے تاہم کوریا کے خلاف کوارٹر فائنل میں قومی ٹیم کو ٹف مقابلہ کرنا پڑے گا۔ جہاں دونوں ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ 2014ءمیں کوالیفائی کرنے کے لیے انتہائی اہم میچ ہوگا۔ جو ٹیم بھی ہار گئی اسے ایشیا کپ کا انتظار کرنا ہوگا۔ سابق اولمپیئن دانش کلیم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف فاروڈ لائن نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی پر ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔