• news

ورلڈ ہاکی لیگ : پاکستان جنوبی افریقہ کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

 لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم نے عبدالحسیم خان کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت جنوبی افریقہ کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دیکر ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالحسیم خان نے تین جبکہ محمد زبیر، شفقت رسول اور شکیل عباسی نے ایک ایک گول کیا۔ ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی طرف 13ویں منٹ میں محمد زبیر نے فیلڈ گول کے ذریعے پاکستان ٹیم کو برتری دلائی جسے چار منٹ بعد پنلٹی کارٹر پر شفقت رسول نے ڈبل کر دیا۔ کھیل کے 25 ویں منٹ میں جنوبی افریقہ نے گول کر کے ایک گول خسارہ کم کیا تاہم دو منٹ بعد ہی پاکستان نے عبدالحسیم خان کے پنلٹی کارنر پر گول کے سبقت کو تین ایک کر دیا۔ وقفہ تک پاکستان کو حریف ٹیم پر تین ایک سے سبقت حاصل تھی۔ کھیل کے 41 ویں منٹ میں حسیم خان نے بال کو جال کی راہ دکھا کر انفرادی دوسرا اور پاکستان ٹیم کا چوتھا گول کر دیا۔ میچ کے 60 ویں منٹ میں حسیم خان نے فیلڈ گول کے ذریعے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف برتری کو پانچ ایک کر دیا۔ پاکستان کی طرف سے چھٹا گول شکیل عباسی نے کھیل کے 63 ویں منٹ میں کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسرا گول میچ ختم ہونے سے ایک منٹ قبل کیا گیا۔ میچ کا اختتام پاکستان کی 2 کے مقابلے 6 گول کی برتری سے ہوا۔ ٹورنامنٹ میں آج آرام کے بعد کل پاکستان ٹیم کوارٹر فائنل میں کوریا کے مد مقابل ہوگی یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر سوا چار بجے شروع ہوگا۔ گروپ اے کے پہلے میچ میں جرمنی نے جاپان کو ایک مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں جرمنی کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور مزید دو گول کرکے میچ جیت لیا۔ اسی گروپ کے دوسرے میچ میں ارجنٹائن نے کوریا کو آﺅٹ کلاس کر دیا اور میچ 3-0 سے جیت کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔ پول میچز مکمل ہونے کے بعد ارجنٹائن اور جرمنی کے 7 ، 7 پوائنٹس ہیں تاہم بہتر گول اوسط کی وجہ سے ارجنٹائن پہلے اور جاپان دوسرے نمبر پر ہے۔ جاپان اور کوریا کی ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ پول میچز میں دونوں ٹیمیں فتح سے محروم رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن