دورہ ویسٹ انڈیز : پی سی بی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس آج ‘ نوجوان کھلاڑیوں کو چانس دیں گے: اقبال قاسم
لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان آج متوقع ہے۔ قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان قائم مقام چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست پیش کرینگے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں پانچ ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کے علاوہ دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی ٹیم میں چار سے پانچ تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سابق کپتان شاہد آفریدی، عمر اکمل، احمد شہزاد، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، کی ٹیم میں شمولیت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ان کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے جانے کے بعد گرین سگنل دیدیا گیا ہے۔ ممکنہ پندرہ رکنی سکواڈ میں مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، ناصر جمشید، عمر امین، احمد شہزاد، اسد شفیق، عمر اکمل، شاہد آفریدی، جنید خان، محمد عرفان، اسد علی، وہاب ریاض، سعید اجمل، حارث سہیل اور رضا حسن شامل ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے منظوری کے لیے تیار کی جانے والی فہرست میں عبدالرحمان اور عثمان قادر کے نام بھی ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر رکھے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ سلیکشن کمیٹی ٹی ٹونٹی میچز کے لیے چند ایک کھلاڑیوں کی تبدیلی کرئے جو بعد میں ٹیم کو ویسٹ انڈیز میں جوائن کرینگے۔ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم نے کہاہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے لئے قومی ٹیم کا اعلان ورلڈکپ 2015ءکو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ سلیکشن کیلئے دونوں فارمیٹ کے کپتانوں مصباح الحق اور محمد حفیظ سے بھی رائے لی جائے گی۔ نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا جا سکتا ہے۔