• news

پاکستان بھارت تجارت کے حوالے سے خدشات بے بنیاد ہیں: سیکرٹری تجارت

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی سیکرٹری تجارت قاسم نیاز نے کہا ہے پاکستان بھارت باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے بعض حلقوں کے خدشات بے بنیاد ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تجارتی پالیسی کی تشکیل میں پاکستانی عوام اور تاجروں کے مفاد کا خاص خیال رکھا جائیگا۔ وہ یہاں مقامی ہوٹل میں ”پاکستان بھارت تجارت معمول کی جانب گامزن“ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی غیرممالک کیساتھ تجارت میں حصہ ایک فیصد ہے جبکہ یورپی ممالک 25 فیصد سے زائد تجارت ایک دوسرے کے سا تھ کرتے ہیں۔ پاکستان بھارت تجارت کے معمول پر آنے سے تین سال میں ہمارے جی ڈی پی میں اضافے کی شرح 1.5 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ ایک لاکھ 69 ہزار افراد کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سابق وزیر تجارت زبیر خان نے کہا اقتصادی پالیسی میں مثبت تبدیلیاں وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہمیں بڑی طاقتوں کے مفاد کیلئے پاکستان بھارت تجارت مزید محدود نہیں رکھنی چاہئے۔ ڈبلیو ٹی اے او میں پاکستان کے سابق سفیر ڈاکٹر منظور احمد کا کہنا تھا واہگہ بارڈر کے راستے پاکستانی برآمدات 15 ارب روپے تک جا پہنچی ہیں جو 2009-10ءمیں تقریباً صفر تھیں جبکہ منافع 3 کروڑ سے بڑھ کر 3 ارب روپے ہوگیا ہے۔ سیمینار میں مختلف معاشی و تجارتی ماہرین نے بھی خطاب کیا جبکہ شرکاءکے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت کو تجارت کیلئے پسندیدہ ملک قرار دینے کے معاملے کو سیاسی نہیں بنانا چاہئے۔ یہ خالص تجارتی و معاشی معاملہ ہے جسے معاشی فائدے اور نقصان کے نقطہ نظر کے تحت دیکھنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن