دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں میں اسلام دشمن عناصر ملوث ہیں: حافظ سعید
اوکاڑہ + پتوکی (نامہ نگار) جماعت الدعوة کے امیر حافظ سعید احمد نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی حالیہ وارداتیں اسلام دشمن عناصر کی کارروائی ہے جن میں امریکہ، بھارت اور اسرائیل شامل ہیں، حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔ اوکاڑہ کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ سعید احمد نے کہاکہ جماعت الدعوة اسلام دشمن قوتوں کے ساتھ جہاد جاری رکھے گی، جہاد اس وقت تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو دوست اور دشمن کو پرکھنا ہو گا، وہ سب کچھ جانتے ہوئے غیرملکی طاقتوں کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں اور اپنی مفادپرستی کیلئے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔ جس دن پاکستان کو محب وطن لیڈر مل گیا تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔ آج جگہ جگہ مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، مسلم امہ کو اپنی آنکھیں کھول لینی چاہئیں۔ پتوکی کے نامہ نگار کے مطابق پروفیسر حافظ سعید نے کہا کہ امریکہ سے دوستی کرکے تخریب کاری اور دہشت گردی کی صورت میں بہت انجام بھگت لیا، اب بھارت سے امریکہ جیسی دوستی کرکے ملک کا مزید نقصان نہیں کر سکتے۔ پاکستان ایک نظریہ و عقیدہ کی بنیاد پر بنایا گیا، امریکی نیو ورلڈ آرڈر بکھر رہا ہے اب دنیا میں محمدی ورلڈ آرڈر قائم ہو گا۔کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کو بھارت و اسرائیل کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے مسلمان متحد ہو کر کردار ادا کریں۔ وہ جماعة الدعوة پتوکی کے زیراہتمام سٹیڈیم گراﺅنڈ پتوکی میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر مقامی مذہبی، سیاسی وسماجی شخصیات سمیت مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد موجود تھے۔ کانفرنس سے تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین حافظ سیف اللہ منصور، جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا نصر جاوید، مولانا عبدالرشید محسن، حافظ محمد اقبال و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعةالدعوة نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی آبی جارحیت کے نتیجہ میں پاکستان اس وقت انتہائی سنگین صورتحال سے دوچار ہے۔ بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا توآئندہ پاک بھارت جنگ پانی کے مسئلہ پر ہو گی۔ سیاست ، معیشت و معاشرت سمیت مسلمانوںکا ہر عمل نبی اکرم کی سنت کے مطابق ہونا چاہئے۔