• news
  • image
  • text

تنخواہ میں اضافے کیلئے کلرکوں کے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مظاہرے

لاہور + گوجرانوالہ (سپیشل رپورٹر + نمائندہ خصوصی) آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن نے تنخواہوں میں اضافہ کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مظاہرے کئے جس میں ملازمین نے جی ایس ٹی میں اضافہ کو واپس لینے، پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لینے سمیت تنخواہوں میں دوسرے صوبوں کی طرح پنجاب میں بھی 15 فیصد اضافہ کا مطالبہ کر دیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں انارکلی پی ڈبلیو ڈی سے مظاہرہ شروع ہوا جس کی قیادت پنجاب کے صدر ظفر علی خان نے کی۔ جلوس مال روڈ سے ہوتا ہوا پنجاب اسمبلی پہنچا جس میں ملازمین نے حکومت پنجاب کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر ایپکا پنجاب کے صدر ظفر علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبے جن میں مسائل زیادہ، وسائل کم ہیں وہاں پر ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے تو یہاں کیوں نہیں؟ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں کم از کم 50 فیصد بڑھنی چاہئیں لیکن پنجاب میں تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کر کے ملازمین دشمنی کی گئی ہے۔ مختار گجر نے کہا کہ حکومت نے تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان نہ کیا تو ملازمین اپنے دفاتر مستقل بند کر دیں گے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں ایپکا ایسوسی ایشن کے درجنوں ملازمین نے گلے میں روٹیاں ڈال کر تنخواہوں میں اضافے کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈائریکٹوریٹ آفس کے سامنے دھرنا دیا۔ درجنوں ملازمین نے دس فیصد اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قاتل بجٹ نامنظور، تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ نامنظور اور مہنگائی کے تناسب سے پچاس فیصد اضافے کی منظوری کے الفاظ درج تھے۔

epaper
لاہور: فیصل چوک میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے کارکنان مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں

ای پیپر-دی نیشن