متحدہ عرب امارات: حکومت گرانے کے الزام میں 64 افراد کو سزائیں
دبئی (بی بی سی + اے ایف پی) متحدہ عرب امارات میں چونسٹھ افراد کو حکومت گرانے کی کوشش کے الزام میں قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ پچیس افراد کو بری کر دیا گیا ہے۔ مجرم قرار پائے جانے والے بیشتر افراد کو کم از کم سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔متحدہ عرب امارات میں چورانوے افراد پر حکومت سے بغاوت کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔اس مقدمے کو انسانی حقوق کے کارکنان نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عدالت کے فیصلے کا اعلان ریاستی ٹی وی چینل کے ذریعے کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق مجرمان کا تعلق الاصلاح نامی اماراتی گروہ سے ہے جس کے مصری سیاسی جماعت اخوان المسلمون سے روابط ہیں۔ان پر ایک ایسی تنظیم بنانے کا الزام تھا جس کا مقصد ’متحدہ عرب امارات میں بنیادی حکومتی نظام کو گرانے اور اقتدار حاصل کرنا تھا۔