مشرف کیس میں مداخلت ہو گی نہ اثرانداز ہونے کی کوشش کریں گے: سعودی سفیر
مشرف کیس میں مداخلت ہو گی نہ اثرانداز ہونے کی کوشش کریں گے: سعودی سفیر
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں سعودی سفیر عبدالعزیز بن ابراہیم الغدیر نے واضح کیا ہے کہ سعودی حکومت پرویز مشرف کے کیس میں کسی قسم کی مداخلت کرے گی نہ اس پراثر انداز ہو نے کی کو شش کرے گی کیونکہ یہ پاکستان کا داخلی مسئلہ ہے۔ نواز شریف جب سعودی عرب کا دورہ کریں گے تو حکومت کی مدد سمیت دیگر امور پر زیر بحث آئیں گے ، قطر میں ہو نے والے طالبان امریکہ مذاکرات میں سعودی عرب کا کوئی کر دار نہیں، پاکستان کے اندر سعودی عرب کا کوئی ایجنڈا نہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانچ ہزار گھروں کی تعمیر کے لئے رقم آ چکی ہے تاہم صوبائی حکومتوں کے عدم تعاون سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ وہ گذشتہ روز سعودی سفارتخانے میں سعودی حکومت کی طرف سے رمضان پیکج کے اعلان کے موقع پر صحافیوں سے با ت چیت کر رہے تھے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس کے حج کوٹہ میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک کے حج کوٹہ میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے اور حرم پاک کی توسیع کے بعد مزید حاجیوں کی گنجائش پیدا ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کا کیس پاکستان کا داخلی مسئلہ ہے اس میں سعودی حکومت کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نواز شریف ملک کو ترقی کی ان منزلوں پر لے جائیں گے جہاں انہیں کسی بیرونی سہارے یا مدد کی ضرورت نہیں ہو گی۔
سعودی سفیر