گیلانی سے ملاقات ‘ ناراض کارکنوں کو منا کر پارٹی فعال بنائیں گے: صدر
گیلانی سے ملاقات ‘ ناراض کارکنوں کو منا کر پارٹی فعال بنائیں گے: صدر
ملتان (سپیشل رپورٹر) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے پیپلز پارٹی ایک جماعت نہیں بلکہ ایک سوچ کا نام ہے۔ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی ایک بار پھر بڑی طاقت بن کر ابھرے گی۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے بیٹے کے اغواءپر پریشان ہوں۔ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پارٹی کے ناراض کارکنوں کو منا کر پارٹی دوبارہ فعال بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران ان کے ہمراہ پارٹی رہنما خواجہ رضوان عالم، سابق ایم پی اے ملک عالم ڈوگر، سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی بھی موجود تھے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کسی بھی دیگر پارٹی عہدیدار یا رہنما کو نہیں بلایا گیا تھا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کو فعال کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ صدر آصف علی زرداری ملتان میں 2 گھنٹے قیام کے بعد واپس چلے گئے۔ اس سے قبل صدر کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے۔
زرداری