نیشنل گیمز کی رنگا رنگ اختتامی تقریب‘ آتش بازی کا مظاہرہ‘ کھلاڑیوں کا مارچ پاسٹ
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں جاری نیشنل گیمز ڈھول کی تھاپ اور آتش بازی کے شاندار مظاہرہ سمیت رنگارنگ تقریب کے ساتھ جمعرات کو اختتام پذیر ہو گئی ہے جبکہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے نیشنل گیمز کے اختتام کا باضابطہ اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق 28جون سے 4 جولائی تک جاری رہنے والی نیشنل گیمز میں کھلاڑیوں نے جوش و جذبہ کے ساتھ حصہ لیا ۔ گیمز کی اختتام پر میگا ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ تھے۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کھلاڑی کسی بھی ملک کی شان و شوکت کے علمبردار ہوتے ہیں اور یہی اپنے ملک کا عَلم دوسرے ممالک میں بلند کرتے ہیں اور اپنے ملک و قوم کی عزت و احترام میں اضافہ کرتے ہیںجو یقینا قابل فخر اور قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل گیمز میں تمام صوبوں بالخصوص گلگت بلتستان©©‘ آزاد جموں وکشمیر اور فاٹاکی ٹیمیں مُلکی یکجہتی کا ثبوت پیش کر رہی ہیں جو آج پاکستان کی اہم ترین ضرورت ہے اور یہی وہ جذبہ ہے جو ہمیں مشکلات سے نکال کر کامیابیوں اور روشن مستقبل کا ضامن بنے گا۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت وفاقی وزیر میری اہم ترین زمہ داری صوبوں کے درمیان محبت©©‘ اخوت اور ہم آہنگی کے جذبات کو فروغ دینا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیئے کھیل بہترین ذریعہ ہیںاورہماری حکومت اس بات کا مکمل ادراک رکھتی ہے کہ کھیل کسی بھی ملک کے نوجوانوں کی نشوونما اور تربیت کے لیئے انتہائی ضروری ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ہماری یہ امید اور یہ کوشش ہے کے آنے والے کئی برس تک ان نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے لانے کے ایسے کئی مواقع ملتے رہیںاور یہ صرف ملک میں ہی نہیں بلکہ ملک سے باہر بین الاقوامی اولپکس مقابلوں میں بھی پاکستان کے لیئے گولڈ میڈلز حاصل کریں۔انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے ذریعے پیار‘ محبت اور بھائی چارہ بانٹنے کا پیغام دیا جا سکتا ہے ۔ مجھے امید ہے کہ یہاں آنے والے تمام مہمان اور کھلاڑی اس خلوص اور مہمان نوازی کو بھی ہمیشہ یاد رکھیں گے جو اسلام آباد کے شہریوں نے انہیں پیش کی۔