• news

یوٹیوب بند کرنے کیخلاف درخواستگستاخانہ مواد بلاک کرنے کیلئے ماہرین سے تجاویز طلب

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے یوٹیوب کو بند کرنے کے خلاف دائردرخواست پر گستاخانہ مواد کو بلاک کرنے کے حوالے سے وزارت انفارمیشن کے ماہرین سے 25جولائی کو تجاویز طلب کرلی ہیں۔ فاضل عدالت نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کی تو گوگل انتظامیہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ تمام قانونی معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ گوگل نتظامیہ لاہور ہائی کورٹ میں اپنا جواب داخل کروائے گی یا نہیں۔ وزارت انفارمیشن نے عدالت کو بتایا کہ گستاخانہ مواد کو بلاک کرنے کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے اور اسکے بعد دیکھا جائے گا کہ یو ٹیوب کی نشریات کو پاکستان میں کس طرح جاری رکھا جا سکتا ہے وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ یو ٹیوب کی فوری بحالی کا حکم نہ دیا جائے کیوں کہ اس طرح امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ عدالت نے وزارت انفارمیشن کے ماہرین سے تجاویز طلب کر لیں کہ گستاخانہ مواد کو کس طرح بلاک کر کے باقی یو ٹیوب کو بحال کیا جاسکتا ہے۔ مزید سماعت25جولائی کو ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن