• news

نواز شریف عظیم حکمران کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں: بھارتی وزیر خارجہ

نواز شریف عظیم حکمران کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں: بھارتی وزیر خارجہ

 نئی دہلی (آن لائن) بھارت نے پاکستان کی نئی حکومت سے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ 2008ء کے ممبئی حملوں سمیت تمام خدشات دور کرے گی، بھارتی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ یہ بات ضروری ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے ان معاملات پر ہمارے خدشات دور کرنے کی کوشش کرے گی جو کہ ہمارے لئے باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اور اس کے بعد کھل کر عوامی اور نجی سطح پر جو اشارے دیئے ہیں وہ انتہائی مثبت اور بامعانی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے مابین امن عمل میں کسی نئی پیش رفت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین رابطے موجود ہیں تاہم حقیقی بات چیت اور مذاکرات کی بحالی کے لئے ایسے واقعات کا سدباب ضروری ہے جن کے باعث مذاکرات میں تعطل آیا ہے۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کے حوالے سے سلمان خورشید نے کہا کہ پاکستان کو فوری طور پر گیس اور توانائی کی سپلائی کی ضرورت ہے اور ہم نے ماہرین کی ایک ٹیم بھیجی ہے اور پاکستان بھی جلد اپنی ٹیم بھارت بھیجے گا۔ کرگل جنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سلمان خورشید نے کہا کہ کارگل جنگ اب ماضی کا حصہ ہے اور اب ہم ماضی میں نہیں جانا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ماضی سے سبق سیکھا ہے اور اب وہ ایک عظیم حکمران کی صورت میں سامنے آرہے ہیں اور پاکستان نے بھی یقیناً ان سے کافی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔
سلمان خورشید

ای پیپر-دی نیشن