• news

وزیراعظم نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے منصوبہ بندی کرلی: جعفر اقبال

لاہور (انٹرویو: فرخ سعید خواجہ) سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر سینیٹر چودھری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی ایک ماہ کی مدت پوری کرنے تک بجٹ منظور کروانے کی ذمہ داری پوری کی اور اب حکومت کی ترجیحات میں بجلی اور توانائی کے بحران پر قابو پانا ہے جس کیلئے وزیر اعظم نوازشریف نے منصوبہ بندی کرلی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوائے وقت کو دیئے گئے انٹرویو میں کیا۔ قبل ازیں انہوں نے ایڈیٹر انچیف نوائے وقت ڈاکٹر مجید نظامی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ چودھری جعفر اقبال نے آئی ایم ایف کی شرائط پر قرضہ لینے سے منہگائی میں اضافے کے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لیکر آئی ایم ایف کی قسط ادا کی گئی ہے جس سے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت لانگ ٹرم، میڈیم ٹرم اور شارٹ ٹرم اقدامات کر رہی ہے۔ بجٹ میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے 60 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور اگلے سالوں میں ہر سال اس رقم میں اضافہ کیا جاتا جائے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ہائیڈل پاور کے ذریعے ہی بجلی سستی فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس کے لئے نوازشریف حکومت نے خصوصی منصوبہ بندی کی ہے اور بڑے ڈیموں سمیت چھوٹے ڈیموں کی تعمیر شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل سکیورٹی پلان بن رہا ہے جس میں پچھلے دس سال سے جاری سکیورٹی پالیسی میں تبدیلی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی پر بھی نظرثانی کی جائے گی اس کے لئے وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کا سربراہی اجلاس رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن