معیار اور تحقیق کی بنیاد پر یونیورسٹیوں کی درجہ بندی کا اعلان
اسلام آباد+لاہور (آئی این پی+سپیشل رپورٹر) ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے معیار اور تحقیق کی بنیاد پر ملک کی یونیورسٹیوں کی درجہ بندی فہرست جاری کردی جس کے تحت جنرل یونیورسٹیز میں نسٹ یونیورسٹی سر فہرست ، جبکہ میڈیکل یونیورسٹی میں آغا خان یونیورسٹی پہلے نمبر پر رہی ، چھوٹی جامعات میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو اول
درجے کی یونیورسٹی قرار دیاگیا ، جنرل یونیورسٹی میڈیا میں قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد ، انجینئرنگ کے شعبے میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجنیئرنگ اینڈ اپلائیڈسانئسز اسلام آباد اور بزنس ایجوکیشن میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز پہلے نمبر پر رہیں ۔ یہ اعلان جمعہ کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر پرسن ڈاکٹر جاوید لغاری نے کمیشن سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس میں کیا ۔ ڈاکٹر لغاری نے کہا کہ پاکستان میں اعلی تعلیم کے اداروں کے معیار تعلیم میں استحکام لانے کیلئے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن ایچ ای سی نے پاکستان کے ہائیر ایجوکیشن انسٹیٹیوشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔ ایچ ای سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد و دےگراعلی حکام اور یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔