عمران کی خیبر پی کے حکام کو پارٹی عہدے چھوڑنے کی ہدایت، پرویز خٹک، شوکت یوسفزئی کا انکار
عمران کی خیبر پی کے حکام کو پارٹی عہدے چھوڑنے کی ہدایت، پرویز خٹک، شوکت یوسفزئی کا انکار
پشاور(آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پی کے حکومت میں سرکاری عہدوں پر براجمان پارٹی رہنماﺅں کو جماعتی عہدے چھوڑنے کی ہدایت کردی تاہم وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین کی ہدایت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہم پارٹی اور حکومتی عہدے اکٹھے چلا سکتے ہیں تو پارٹی چیئرمین کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے خیبر پی کے حکومت میں سرکاری وزراءکو ہدایت کی کہ وہ میرٹ کی لئے خود کو جماعتی ذمہ داریوں سے آزاد کریں تاکہ وہ صحیح طور پر صوبے میں عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ہفتہ کو عمران خان نے اپنے دورہ پشاور کے د وران وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک اور صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کو پارٹی عہدے چھوڑنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری عہدہ ملنے کے بعد پارٹی عہدہ چھوڑدیں۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ وزرات اعلیٰ تو چھوڑ سکتا ہوں مگرپارٹی نہیں چھوڑ سکتا۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزرا سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ گزشتہ روز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
پرویز خٹک