عمران فیصلہ کریں خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ وہ ہیں یا پرویز خٹک: سردار آصف
عمران فیصلہ کریں خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ وہ ہیں یا پرویز خٹک: سردار آصف
اوکاڑہ (ثناءنیوز) سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی نے کہا ہے عمران خان پرویز خٹک پر تھانیداری کرنے کی بجائے فیصلہ کریں کہ صوبہ خیبر پی کے، کے وزیر اعلیٰ وہ خود ہیں یا پرویز خٹک۔ اگر عمران خان نے صوبے میں حکم چلانے کی روش ترک نہ کی تو تجربہ کار پرویز خٹک کارکردگی کے حوالے سے بونا رہ جائیگا۔ یوسف رضا گیلانی نے جو زبان استعمال کی سپریم کورٹ اس پر سوموٹو لیکر توہین عدالت لگاسکتی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوںکیلئے قابل قبول ایماندار متفقہ صدر پاکستان لانے میں کوئی حرج نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سردار آصف احمد علی نے کہا صوبہ کے پی کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ایک صاف ستھرے اور تجربہ کار آدمی ہیں مگر عمران خان نے انکے ہاتھ پاﺅں باندھ کر انہیں چھوٹے چھوٹے معاملات میں الجھا دیا۔ یہ وزیر اعلیٰ کی صوابدید ہے کہ انہوں نے کہاں ہیلی کاپٹر استعمال کرنا ہے اور کہاں گاڑی پر جانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سردار آصف نے کہا پاکستان کی عوام بادشاہ سلامت منتخب نہیں کرتے، عوام وزیراعظم منتخب کرتے ہیں، یوسف رضا گیلانی ”شہادت“ کا مرتبہ چاہتے ہیں کیونکہ ان پر اور انکے خاندان پر بہت سے کیسز ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں بجلی کی چوری کو روک لیا جائے، محکمے کو ری سٹرکچر کر کے جہاں جہاں ممکن ہو نجکاری کی جائے، کنٹرول پاکستانی کمپنیاں سنبھالیں تو توانائی کا بحران ختم ہوسکتا ہے۔
سردار آصف