ورلڈ ہاکی لیگ : پاکستان کو ملائیشیا سے بھی شکست ‘ آخری پوزیشن سے بچنے کے لئے جنوبی افریقہ کا سامنا
جوہر بارو (سپورٹس ڈیسک+نیوز ایجنسیاں) ہاکی ورلڈ لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم ایک اور میچ ہار گئی، آٹھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم اب آخری پوزیشن سے بچنے کیلئے جنوبی افریقہ سے مقابلہ کرے گی۔ ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور نوبت یہ آ گئی ہے کہ پاکستان ٹیم اب آٹھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں ساتویں پوزیشن کیلئے میچ کھیلے گی۔ پانچویں پوزیشن کیلئے کھیلے جانے والے میچ میں ملائیشیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول شفقت رسول نے کیا، ساتویں پوزیشن کیلئے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کل کھیلا جائے گا، شکست کی صورت میں پاکستان ٹیم آخری نمبر پر آئے گی۔دوسرے میچ میں جاپان نے جنوبی افریقہ کو شکست دیدی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ مقررہ وقت تک مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ شوٹ آ¶ٹس پر ہوا جس میں جاپان نے ایک صفر سے فتح اپنے نام کی۔ ورلڈ ہاکی لیگ کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔ فیصلہ کن معرکے میں ارجنٹائن اور جرمنی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔تیسری، پانچویں اور ساتویں پوزیشن کےلئے بھی میچ کھیلے جائیں گے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ اور کوریا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ پانچویں پوزیشن کا میچ جاپان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستانی ٹیم ساتویں پوزیشن کےلئے جنوبی افریقہ کے آمنے سامنے ہو گی۔