• news
  • image
  • text

”رمضان کے روزے کتاب ہدایت کے ملنے پر اظہار تشکر کیلئے فرض کئے گئے“

لاہور (لیڈی رپورٹر) رمضان اہل ایمان کے لئے خوشیوں اور رحمتوں کا پیغام لے کر آتا ہے۔ یہ ماہ مبارک اہل اسلام کے لئے اپنے ایمان کو پرکھنے کی کسوٹی اور تبدیلی قلب کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس ماہ روشن کی فضائل وبرکات اسی طور پر صحیح استفادہ کیا جا سکتا ہے جب ہم اس کی قدر و منزلت اور اہمیت سے آگاہ ہوں۔ اسی مقصد کے لئے ویمن اینڈفیملی کمیشن، جماعت اسلامی پاکستان کی طرف سے ”استقبال رمضان“ پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں جماعت اسلامی کے ارکان و ممبران کے علاوہ وکلائ، ڈاکٹرز، اساتذہ سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی خطاب کرتے ہوئے ناظمہ ضلع لاہور زبیدہ جبیں نے کہا کہ رمضان المبارک، نزول قرآن کی یاد تازہ کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس ماہ مقدس کا تقاضا ہے کہ احتساب نفس کے ذریعے اپنے کردار کو جھوٹ، فریب، دھوکہ اور بے ایمانی جیسی کراہتوں سے پاک کر لیا جائے۔ صدر ویمن اینڈفیملی کمیشن ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ حدیث نبویﷺ کے مطابق رمضان امت مسلمہ کے لئے پانچ عظیم نعمتیںلے کر آتا ہے۔ رمضان دستور حیات کی سالگرہ کا مہینہ ہے۔ قرآن اور روزے کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ بلاشبہ اسی ماہ مبارک میں اس عظیم الشان کتاب کا نزول ہوا جس کی روشن ہدایات نے حیوانی صفات کے چنگل سے نکال کر معراج انسانیت کا شرف بخشا۔ رمضان کے روزے قرآن کی ہدایت ملنے پراللہ کا شکر ادا کرنے کے لئے فرض کر دئے گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے والا ہے۔ روزہ بھی بندوں پر سختی نہیں لہذا اس منفرد اور مقدس مہینے کے قیمتی لمحات کو اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنایا جائے۔ اختتامی کلمات میں اسسٹنٹ سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان عافیہ سرور نے کہا کہ روزے کے ذریعے سحر و افطاری اور تراویح کے وقت جو اسلامی ماحول پیدا ہوتا ہے وہ مسلمانوں کے معاشتے کو ہر لحاظ سے ممتازمعاشرہ بنا دیتا ہے۔ 

epaper
جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے زیراہتمام رمضان کانفرنس میں سمیعہ راحیل قاضی خطاب کر رہی ہیں

ای پیپر-دی نیشن