• news

وزیر صحت نے محنت کش کا دھوکہ سے گردہ نکالنے کا نوٹس لے لیا

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر صحت پنجاب خلیل طاہر سندھو نے سندر اڈہ ملتان روڈ کے 20 سالہ محنت کش کاشف علی کا دھوکہ دہی سے گردہ نکالنے کا نوٹس لیتے ہوئے ہیلتھ کیئر کمیشن کو واقعہ کی تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرنے اور مریض کا میو ہسپتال میں مکمل علاج کرانے کی ہدایت کر دی۔ وزیر صحت کاشف علی کے گھر گئے اور اس کی عیادت بھی کی ۔ تفصیلات کے مطابق سندر اڈہ ملتان روڈ کے محنت کش کاشف علی کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر ایک شخص یار محمد اسلام آباد لے گیا اور میڈیکل چیک اپ کے بہانے ایک نجی ہسپتال میں اس کا گردہ نکال لیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت اطلاع ملنے پر غریب محنت کش کے گھر گئے جو ابھی تک آپریشن کے بعد صحت یاب بھی نہیں ہوا ہے ۔ خلیل طاہر سندھو نے مریض کو مکمل علاج کے لئے میو ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے حکام کو واقعہ کی شفاف تحقیقات کرنے اور ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ مزید برآں وزیر صحت نے سی سی پی او لاہور کو بھی اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن