ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے: اویس شاہ زنجانی
لاہور (پ ر) عالمی تحریک عظمت مصطفٰی کے چیئرمین سید اویس شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ علم کا حصول سنت انبیاءاور مسلمانوں کیلئے اللہ تبارک تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ احادیث مبارکہ میں بھی حصول علم کو ہر مسلمان عورت اور مرد کیلئے فرض قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دینی علوم کی طرح جدید علوم کا حصول بھی اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ بجٹ میں سب سے زیادہ فنڈز فروغ تعلیم کیلئے مختص کرے۔ افسوس کا مقام ہے کہ سینکڑوں تعلیمی ادارے بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔ تعلیم کے میدان میں حکمرانوں کو مستقبل کا سوچنا ہو گا ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ کی ضرورت ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات شہلا اویس زنجانی نے قرارداد پیش کی کہ حکومت تعلیم کو اپنی اولین ترجیح قرار دے اور تمام سرکاری سکولوں اور کالجوں میں شام کی کلاسز شروع کرے۔ اجلاس میں سید ندیم اشرف رضوی، سید حیدر مصطفٰی رضوی، بلال احمد شاہ زنجانی، شعیب طاہر زنجانی، میاں محمد احمد قاضی، سید فیصل غزنوی، شہزاد سرور اور دیگر نے شرکت کی۔