قومی والی بال ٹیم ورلڈ چیمپئن شپ2014 ءکے دوسرے کوالیفائنگ راﺅنڈ میں پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان والی بال ٹیم نے ورلڈ چیمپیئن شپ 2014ءکے دوسرے کوالیفائنگ راونڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سری لنکا میں منعقد پہلے کوالیفائنگ راونڈ سے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ کولمبو میں ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے منفی رویئے کی وجہ سے کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں تھیں ۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر چودھری یعقوب نے سری لنکا سے واپسی پر بتایا کہ قومی ٹیم نے ایک مشکل مرحلہ سر کر لیا ہے امید ہے کہ دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کر کے 2014ءمیں پولینڈ میں منعقد ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کر جائیں گے۔ بعض نادیدہ قوتوں نے ہر ممکن کوشش کی تھی کہ پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑی جنہیں عرصہ دراز سے قومی ٹیم کے ساتھ تربیت دی جا رہی تھی کولمبو کے ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل اچانک انہیں ٹیم سے ڈراپ کرا لیا گیا۔ ہم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کے مشکور ہیں جن کے تعاون سے پاکستان ٹیم کی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شرکت ممکن ہوئی۔ انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ منفی ہتھکنڈوں میں ملوث افراد کے خلاف انکوائری عمل میں لائیں کیونکہ والی بال ٹیم بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پورے ملک کی نمائندگی کرنے گئی تھی جس نے اچھی کارکردگی سے پاکستان کا نام روشن کیا۔