قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز چلی گئی ‘ کالی آندھی کے خلاف باﺅلنگ ہتھیار ‘ کپتان کوچ کامیابی کے لئے پرعزم
لاہور/کراچی ( سپورٹس رپورٹر/ نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ ٹےم 25 روزہ دورہ پر ویسٹ انڈیز روانہ ہو گئی۔ قومی ٹیم دورہ میں پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی مےچز کی سےرےز میں حصہ لے گی۔ پاکستان دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز 11 جولائی کو پریکٹس میچ سے کرے گی جبکہ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 14 جولائی کو گیانا میں، دوسرا 16 جولائی، تیسرا 19 جولائی، چوتھا 21 جولائی جبکہ پانچواں 24 جولائی کو کھےلا جائے گا۔ پہلا ٹی ٹونٹی 27 اور دوسرا 28 جولائی کو ہو گا۔ 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کپتان مصباح الحق کی قیادت میں دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے روانہ ہوگئی جہاں وہ پانچ ون ڈے اور دو ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔ پہلا ون ڈے 14 جولائی کو کھیلا جائیگا۔روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کے یونٹ بن کر کھیلنے سے ہی کامیابی ممکن ہوتی ہے کوئی بھی کھلاڑی تنہاءکچھ نہیں کرسکتا، انہوں نے کہا کہ ہمیں بیٹنگ کے شعبے میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی کامیابی میں ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر کی پرفارمنس ضروری ہوتی ہے، مصباح الحق نے کہا کہ ہمیں چمپئنز ٹرافی میں ہونیوالی شکست کو بھلا کر آگے آنیوالی سیریز پر توجہ دینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں بہترین کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں سپنرز اچھا ہتھیار ہیں لیکن فاسٹ باﺅلرزکی اہمیت کو فراموش نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی سمیت گزشتہ دونوں سیریز میں شکست کی وجہ بیٹنگ لائن کا فلاپ ہونا ہے، دورہ ویسٹ انڈیز میں بیٹسمینوںکو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی تنہاءکچھ نہیں کرسکتا سب کو مل کر یونٹ کی طرح کھیلنا ہوگا تب ہی کامیابی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی ہار اور جیت کی ذمہ داری سب پر عائد ہوتی ہے۔ چمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی دکھانے والے شعیب ملک، عمران فرحت اور کامران اکمل کو ڈراپ کیا گیا ہے ان کی جگہ شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔16 رکنی ون ڈے ٹیم میں کپتان مصباح الحق، ناصر جمشید،احمد شہزاد، محمد حفیظ،اسد شفیق، عمر اکمل،شاہد آفریدی، سعید اجمل، جنید خان، محمد عرفان، وہاب ریاض، اسد علی، عمر امین، محمد رضوان، حارث سہیل اور عبدالرحمن شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں 5 ون ڈے اور 2 ٹی20 میچز کھیلے گی، پہلا میچ14 اور دوسرا میچ16جولائی کو گیانامیں کھیلا جائیگا۔تیسرا ،چوتھا اورپانچواں میچ 21,19 اور 24 جولائی کو سینٹ لوشیا میں کھیلا جائیگا۔ پہلا ٹی ٹونٹی 27 جبکہ دوسرا 28 مئی کو سینٹ ونسٹ میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ محمد اکرم نے کہا ہے کہ کامیابی حاصل کرنے کیلئے صرف باﺅلنگ ہی نہیں بیٹنگ کے شعبے میں بھی کارکردگی دکھانا ہوگی ، کھلاڑی پرجوش اور ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں، شاہد آفریدی کی ٹیم میں واپسی خوش آئند ہے۔ ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے صرف باﺅلنگ نہیں بیٹنگ کے شعبے میں بھی کارکردگی دکھانا ضروری ہے۔ شاہد آفریدی کی قومی ٹیم میں واپسی خوش آئند ہے وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ان کی شمولیت سے بیٹنگ اور باﺅلنگ مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی پرجوش ہیں اور امید ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔